Maktaba Wahhabi

429 - 437
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت نہ ہوتی تومسلمانوں کو ہرگزیہ معلوم نہ ہوسکتا تھا کہ نمازوں کی رکعات کی تعدادکیا ہے ؟نمازوں کوکس طرح اداکرنا ہے، نماز کے فرائض وواجبات کون کون سے ہیں؟اسی طرح انہیں روزہ، زکوۃ، حج، جہاد، امربالمعروف، نہی عن المنکر، معاملات، محرمات اورحدودوتعزیرات کے احکام کی بھی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکتی تھیں۔ اتباع واطاعت رسول کے متعلق میں جو آیات کریمہ ہیں، ان میں سے چند ایک حسب ذیل ہیں: ﴿وَأَطِيعُوا اللّٰه وَالرَّ‌سُولَ لَعَلَّكُمْ تُرْ‌حَمُونَ﴾ (آل عمران۳ /١٣٢) ’’اور اللہ اوراس کے رسول کی اطاعت کروتاکہ تم پر رحم کیا جائے ۔‘‘ نیزفرمایا: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللّٰه وَأَطِيعُوا الرَّ‌سُولَ وَأُولِي الْأَمْرِ‌ مِنكُمْ ۖ فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ فَرُ‌دُّوهُ إِلَى اللّٰه وَالرَّ‌سُولِ إِن كُنتُمْ تُؤْمِنُونَ بِاللّٰه وَالْيَوْمِ الْآخِرِ‌ ۚ ذَٰلِكَ خَيْرٌ‌ وَأَحْسَنُ تَأْوِيلًا﴾(النساء۴ /۵۹) ’’اے ایمان والو!اللہ اوراس کے رسول کی فرماں برداری کرواورجوتم میں سے صاحب حکومت ہیں ان کی بھی اوراگرکسی بات میں تم میں اختلاف واقع ہوجائے تواگر تم اللہ اور روز آخرت پر ایمان رکھتے ہوتواس میں اللہ اور اس کے رسول (کے حکم)کی طرف رجوع کرو۔یہ بہت اچھی بات ہے اوراس کا مآل (انجام ونتیجہ)بھی اچھا ہے ۔‘‘ مزیدفرمایا: ﴿مَّن يُطِعِ الرَّ‌سُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللّٰه ۖ وَمَن تَوَلَّىٰ فَمَا أَرْ‌سَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًا﴾ (النساء۴ /۸۰) ’’جو شخص رسول کی فرماں برداری کرے گا تو بے شک اس نے اللہ کی فرماں برداری کی اورجو نافرمانی کرے تواے پیغمبر!تمہیں ہم نے ان کا نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔‘‘ اگرآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت حجت نہیں یا تمام سنت محفوظ نہیں تو پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کیسے ممکن ہے؟اورتنازعات کے تصفیہ کے لیے کتاب اللہ اورسنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف رجوع کرنا کیسے ممکن ہے ؟سنت کو حجت یا محفوظ تسلیم نہ کرنے کے معنی یہ ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو ایک ایسی چیز کی طرف رجوع کرنے کا حکم دیا ہے جس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے، حالانکہ ایسا خیال کرنا بے حد باطل، اللہ تعالیٰ کی ذات گرامی کے ساتھ بہت بڑا کفر اوربدگمانی ہے۔اللہ تعالیٰ نے سورۂ نحل میں ارشادفرمایاہے: ﴿وَأَنزَلْنَا إِلَيْكَ الذِّكْرَ‌ لِتُبَيِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ إِلَيْهِمْ وَلَعَلَّهُمْ يَتَفَكَّرُ‌ونَ﴾ (النحل۱۶ /۴۴) ’’اورہم نے آپ کی طرف یہ کتاب نازل کی ہے تاکہ جو( ارشادات)لوگوں کی جانب نازل فرمائے گئے ہیں آپ کھول کھول کربیان کردیں تاکہ وہ غور کریں ۔‘‘ اسی سورۂ مبارکہ میں مزید فرمایا: ﴿وَمَا أَنزَلْنَا عَلَيْكَ الْكِتَابَ إِلَّا لِتُبَيِّنَ لَهُمُ الَّذِي اخْتَلَفُوا فِيهِ ۙ وَهُدًى وَرَ‌حْمَةً لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ﴾ (النحل ۱۶ /۶۴) ’’اورہم نے اس لیے آپ پر یہ کتاب نازل کی ہے کہ جس امر میں لوگوں کو اختلاف ہےآپ اس کا فیصلہ کردیں اور(یہ)مومنوں کے لیے ہدایت اوررحمت ہے۔‘‘
Flag Counter