جواز تو اس شریعت کاملہ کے محاسن میں سے ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی ضرورت کے پیش نظر جائز قراردیا ہے اوراسے ایسی شروط کے ساتھ مشروط کیا ہے جن کی وجہ سے یہ حرام معاملات کے دائرہ سے نکل جاتی ہے کہ یہ ایک ایسا عقد ذمہ ہے جسے ایسی صفات کے ساتھ موصوف قراردیا جاتا ہے جو اسے اس طرح نمایاں اورممتاز کردیتی ہیں کہ اس میں جہالت اوردھوکے کا کوئی شائبہ نہیں رہتا کہ سودتومدت مقررہ کے بعد دیا جاتا ہے لیکن قیمت اسی مجلس میں فورا اداکردی جاتی ہے اوراس میں جو مصلحت کارفرماہوتی ہے اس سے بائع اورمشتری دونوں مستفید ہوتے ہیں کہ بائع قیمت کے ساتھ اپنی فوری ضرورتوں کو پوراکرلیتا ہے اوریہ مشتری کو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اس نے اس سودے کو کم قیمت پر خریدا ہوتا ہے جیساکہ اکثر وبیشتر صورتوں میں ہوتا ہے تو بیع سلم میں کسی ضرر(نقصان )۔ غرر(دھوکے)، جہالت اورسودکے بغیر بائع اورمشتری دونوں کو فائدہ ہوتا ہے، جب کہ اس کے برعکس سودی معاملات اس معین اضافہ پر مشتمل ہوتے ہیں، جسے شارع نے حرام قراردیا ہے جب کہ جنس کی جنس کے ساتھ نقدیا ادھارہو اوراسے اکبر الکبائر میں سے قراردیا ہے ۔اس کو حرام قراردینے میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی حکمت بالغہ بھی ہے اوربند گان الٰہی کے لیے بھی اس میں عظیم اور اچھے نتائج ہیں کہ اس طرح وہ قرض درقرض سے محفوظ رہتے ہیں اورسودکے لالچ میں آکر اپنے منفعت بخش منصوبوں اورمفید صنعتوں کو بھی معطل نہیں کرتے۔
مقالہ نگارکاجویہ خیال ہے کہ بینک اوربینکوں کایہ نظام انسانوں کی ان ضرورتوں میں سے ہے جن کے بغیر ان کا معاشی نظام مستحکم ہوہی نہیں سکتا۔۔۔الخ تویہ ایک بےبنیاد خیال ہے جو صحیح نہیں ہے کیونکہ چودھویں صدی سے قبل اوربینکوں کے وجود میں آنے سے پہلے بھی اس نظام کے بغیر لوگوں کی مصلحتیں پوری ہوتی رہی ہیں اوراس دورمیں ان کی ضرورتیں تشنہ تکمیل رہیں نہ ان کے منفعت بخش پروگرام ہی معطل ہوئے بلکہ خلل اورمصالح میں تعطل تواس وقت رونما ہوا جب لوگوں نے ان حرام معاملات کو اختیار کیا اورمعاشرے نے اپنے فرض کو ادانہ کیا کہ لوگ اپنے بھائیوں کے ساتھ معاملہ میں ہمدردی وخیر خواہی اورامانت وسچائی کو اختیار کرتے اوران تمام معاملات سے اجتناب کرتے جو سود، دھوکے، خیانت اورملاوٹ پر مبنی ہیں، چنانچہ دنیا کے حالات ہماری اس بات کی صداقت کی گواہی دے رہے ہیں۔مصالح کو صرف اسی وقت پروان چڑھایاجاسکتا ہے اورمفید تعاون کی راہیں صرف اسی صورت میں ہموارہوسکتی ہیں کہ ہم اس شاہراہ شریعت کواختیار کریں جو صداقت وامانت پر مبنی اورکذب وخیانت اوران امورسےدورہے، جنہیں اللہ تعالیٰ نے معاملات کے سلسلہ میں اپنے بندوں پر حرام قراردیا ہے جیساکہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اپنی کتاب مبین میں ارشاد فرمایاہے کہ:
﴿وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَىٰ ۖ وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ﴾ (المائدہ۵ /۲)
’’(اوردیکھو)نیکی اورپرہیز گاری کے کاموں میں ایک دوسرے کی مددکیا کرو اورگناہ اورظلم کی کاموں میں مددنہ کیا کرو ۔‘‘
اورفرمایا:
﴿إِنَّ اللّٰه يَأْمُرُكُمْ أَن تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَىٰ أَهْلِهَا وَإِذَا حَكَمْتُم بَيْنَ النَّاسِ أَن تَحْكُمُوا بِالْعَدْلِ﴾ (النساء۴ /۵۸)
’’تحقیق اللہ تم کو حکم دیتا ہے کہ امانت والوں کی امانتیں ان کے حوالے کردیا کرواورجب لوگوں میں فیصلہ کرنے لگو توانصاف سے فیصلہ کرو ۔‘‘
|