Maktaba Wahhabi

209 - 437
۱۔ خوب اچھے طریقے سے اس طرح وضو کرے جس طرح اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے تاکہ حسب ذیل ارشادباری تعالیٰ پر عمل ہوسکے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا قُمْتُمْ إِلَى الصَّلَاةِ فَاغْسِلُوا وُجُوهَكُمْ وَأَيْدِيَكُمْ إِلَى الْمَرَ‌افِقِ وَامْسَحُوا بِرُ‌ءُوسِكُمْ وَأَرْ‌جُلَكُمْ إِلَى الْكَعْبَيْنِ﴾ (المائدہ۵ /۶) ’’مومنو!جب تم نماز پڑھنے کا قصدکیا کروتومنہ اورکہنیوں تک ہاتھ دھولیاکرواورسرکامسح کرلیا کرواورٹخنوں تک پاؤں (دھولیا کرو)۔‘‘ یہ اس لیے بھی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہےکہ’’وضو کے بغیر نماز قبول نہیں ہوتی ۔‘‘ ۲۔نمازی کو چاہئے کہ وہ جہاں کہیں بھی ہو اپنے تمام جسم سمیت قبلہ یعنی کعبہ کی طرف رخ کرے اورجس فرض یا نفل نماز کو اداکرنا چاہتا ہے، دل میں اس کی نیت کرے، زبان سے نیت کے الفاظ ادانہ کرے کیونکہ زبان سے نیت کے الفاظ اداکرنے کا شریعت میں حکم نہیں ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اورحضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے زبان سے نیت کے الفاظ ادانہیں فرمائے۔مسنون ہے کہ نمازی خواہ وہ امام ہویا منفرداپنے آگے سترہ رکھ لے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا حکم دیاہے۔ ۳۔اللہ اکبر کہہ کر تکبیر تحریمہ کہے اوراس وقت نظر سجدہ کی جگہ پر ہو۔ ۴۔ تکبیر تحریمہ کہتے ہوئے اپنے دونوں ہاتھوں کو اپنے کندھوں یا کانوں کی لوکے برابراٹھائے۔ ۵۔ اپنے دونوں ہاتھوں کو اپنے سینہ پر اس طرح باندھے کہ دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر ہو کیونکہ وائل بن حجراورقبیصہ بن حلب طائی عن ابیہ رضی اللہ عنہم سے مروی ہے حدیث میں ا س طرح وارد ہے۔ ۶۔اس کے بعد مسنون یہ ہے کہ دعااستفتاح پڑھی جائے اوروہ یہ ہے: ((اللَّهُمَّ بَاعِدْ بَيْنِي وَبَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ، اللَّهُمَّ نَقِّنِي مِنْ خَطَايَايَ كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْأَبْيَضُ مِنَ الدَّنَسِ، اللَّهُمَّ اغْسِلْنِي مِنْ خَطَايَايَ بِالثَّلْجِ وَالْمَاءِ وَالْبَرَدِ)) ’’اے اللہ تو میرے اورمیری خطاوں کے درمیان اتنی دوری کردے جتنی دوری تونے مشرق ومغرب کے درمیان رکھی ہے ۔اےاللہ !تومجھے میری خطاؤں سے ایسا پاک صاف کردے جیسا کپڑے کو میل کچیل سے پاک صاف کردیا جاتا ہے ۔اے اللہ !تومجھے میری خطاؤں سے پانی، برف اوراولوں سے دھو ڈال ۔‘‘ اوراگرچاہے تو اس کے بجائے یہ دعا بھی پڑھ سکتا ہے: ((سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ، وَتَبَارَكَ اسْمُكَ، وَتَعَالَى جَدُّكَ، وَلَا إِلَهَ غَيْرُكَ)) ’’میں پاکی بیان کرتا ہوں تیری اے اللہ، تیر ی ہی حمد وثنا کے ساتھ، تیرا نام بہت برکت والا ہے اورتیری شان بہت بلند وبالا ہے اورتیرے سوا کوئی اورعبادت کے لائق نہیں ۔‘‘ پھرپڑھے: ((اعوذباللّٰه من الشيطن الرجيم-بسم اللّٰه الرحمن الرحيم)) ’’میں اللہ کی پناہ لیتا ہوں مردود شیطان سے، (شروع)اللہ کا نام لے کر جوبڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ۔‘‘
Flag Counter