Maktaba Wahhabi

128 - 437
’’اور اگر تمہیں شیطان کی جانب سے کوئی وسوسہ پیدا ہو تو اللہ کی پناہ مانگ لیا کرو، بےشک وہ سنتا جانتا ہے ۔‘‘ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی پناہ مانگنا، اس کی طرف رجوع کرنا اور ان باتوں میں غور وخوض نہ کرنا جنہیں وسوسہ پیدا کرنے والوں، باطل کلام پیش کرنے والے فلسفیوں اور ان کے نقش قدم پر چلنے والے دیگر لوگوں نے اللہ تعالیٰ کے اسماءوصفات اور علم غیب کے باب میں کسی حجت وبرہان کے بغیر مشہور کر رکھا ہے۔یہ اہل حق وایمان کا طریقہ ہے اور یہی سلامتی، نجات اور شیاطین جن وانس کے مکر وفریب سے محفوظ رہنے کا طریقہ ہے۔اللہ تعالیٰ مجھے، آپ کو اور تمام مسلمانوں کو شیطان کی دسیسہ کاریوں سے محفوظ رکھے۔ حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ عنہ سے جب بعض لوگوں نے وسوسہ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے جواب دینے کی بجائے انہیں کنکریاں ماریں اور کہا کہ میرے خلیل( صلی اللہ علیہ وسلم )نے بالکل سچ فرمایا تھا۔ اس سلسلہ میں مومن کے لیے ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ وہ قرآن کریم کی کثرت سے تلاوت کرے اور خوب تدبر سے کام لے کیونکہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کی صفات، اس کی عظمت اور اس کے وجود کے بارے میں ایسے ایسے دلائل ہیں جو دلوں کو ایمان، محبت اور تعظیم سے بھر دیتے ہیں اور جن سے یہ پختہ اعتقاد پیدا ہوتا ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہی ہر چیز کا رب اور مالک ہے۔وہی ہر چیز کا خالق وعالم ہے، اس کے سوا نہ کوئی معبود ہے اور نہ رب۔اسی طرح مومن کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے یہ دعا بھی بکثرت کرتا رہے کہ اللہ تعالیٰ اسے مزید علم نافع، بصیرت وفراست اور حق پر ثابت قدمی عطا فرمائے اور ہدایت کے بعد کج روی سے بچائے۔اللہ تعالیٰ نے خود اپنے بندوں کو یہ توجہ دلائی ہے کہ وہ اس سے سوال کریں، دعا مانگنے کی اس نے ترغیب دی اور اپنے بندوں کی دعاؤں کو شرف قبولیت سے نوازنے کا اس نے وعدہ فرمایا ہے، چنانچہ ارشاد گرامی ہے: ﴿وَقَالَ رَ‌بُّكُمُ ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ ۚ إِنَّ الَّذِينَ يَسْتَكْبِرُ‌ونَ عَنْ عِبَادَتِي سَيَدْخُلُونَ جَهَنَّمَ دَاخِرِ‌ينَ﴾ (غافر۴۰ /۶۰) ’’اور تمہارے پروردگار نے کہا ہے کہ تم مجھ سے دعا کرو میں تمہاری(دعا)قبول کروں گا جو لوگ میری عبادت سے ازراہ تکبر اعراض کیا کرتے ہیں عنقریب وہ جہنم میں ذلیل ہوکر داخل ہوں گے ۔‘‘ اس مضمون کی اور بھی بہت سی آیات ہیں۔میں اللہ تعالیٰ سے یہ سوال کرتا ہوں کہ وہ ہمیں، آپ کو، آپ کے دوست کو اور تمام مسلمانوں کو دین کی فقاہت (سمجھ) اور ثابت قدمی عطا فرمائے۔ہم سب کو گمراہ کن فتنوں اور شیاطین جن وانس کی دسیسہ کاریوں اور وسوسوں سے محفوظ رکھے، وہی قادر وکارساز ہے۔ والسلام عليكم ورحمة اللّٰه وبركاته‘وصلي اللّٰه علي عبده ورسوله نبينا محمد’وعلي آله وصحبه۔
Flag Counter