Maktaba Wahhabi

357 - 677
دوسرا مبحث: سیّدہ عائشہ اور سیّدہ فاطمہ رضی ا للہ عنہما کے درمیان محبت بھرے روابط سیّدہ عائشہ اور سیّدہ فاطمہ رضی ا للہ عنہما کے درمیان دائمی محبت، اخلاص، شکر و تقدیر کے تعلقات قائم تھے۔ کسی صحیح روایت میں اشارہ تک نہیں ملتا کہ ان دونوں بزرگ خواتین کے درمیان کبھی بغض و عناد یا نفرت و عداوت کا شائبہ تک پیدا ہوا ہو۔[1] بلکہ تمام سیرت نگاروں اور مورخین اسلام کا اس حقیقت پر اجماع ہے کہ ان دونوں خواتین کے درمیان ہمیشہ باہمی الفت، پختہ محبت اور سگے رشتہ داروں کی طرح سب سے عمدہ تعلقات قائم رہے۔ اس دعویٰ کے بے شمار دلائل ہیں ان میں سے وہ روایت جو سیّدہ عائشہ بنت طلحہ نے ام المومنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور بیٹھنے کی حالت کی مشابہت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سے زیادہ کسی کو نہیں دیکھا۔[2] ام المومنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی متعدد خوبیاں بیان کیں جن سے سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے دل میں سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی قدر و منزلت کا بخوبی پتا چلتا ہے۔ جبکہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہیئت کذائی، حسن اخلاق اور سیرت و کردار میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سب لوگوں سے زیادہ مشابہت رکھتی تھیں ۔ نیز سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی حق گوئی کی بھی گواہی دی۔ عبداللہ بن زبیر رضی ا للہ عنہما نے سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ جب انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لخت جگر فاطمہ رضی اللہ عنہا کا تذکرہ کیا تو فرمایا: ((مَا رَاَیْتُ اَحَدًا کَانَ اَصْدَقُ لَہْجَۃً مِّنْہَا، اِلَّا اَنْ یَکُوْنَ الَّذِیْ وَلَدَہَا۔))[3]
Flag Counter