۸۔سیّدنا عبداللہ بن زبیر رضی ا للہ عنہما جب بھی سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے حدیث روایت کرتے وہ کہتے:
’’اللہ کی قسم! سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر کبھی جھوٹ نہیں بولتیں ۔‘‘[1]
۹۔سیّدنا ابوایوب انصاری[2] رضی اللہ عنہ :
ام ایوب رضی اللہ عنہا نے اپنے خاوند ابو ایوب رضی اللہ عنہ سے کہا:
’’اے ابو ایوب! کیا تم نے وہ باتیں نہیں سنیں جو سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے متعلق لوگ کہتے ہیں ؟ انھوں نے کہا: ہاں سنی ہیں اور یہ جھوٹ ہے، اے ام ایوب! کیا تم یہ کام کر سکتی ہو۔ اس نے کہا: نہیں ۔ اللہ کی قسم! میں یہ کام نہیں کر سکتی۔ ابو ایوب رضی اللہ عنہ نے کہا۔ پس عائشہ، اللہ کی قسم! تم سے بہت بہتر ہے۔‘‘[3]
دوسرا نکتہ:....سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی شان میں علماء کے اقوال
سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے مناقب اور ان کے فضائل کے اعتراف میں اہل سنت کا قطعاً کوئی اختلاف نہیں ۔ لیکن ہم چاہتے ہیں ان کے مختلف مذاہب فقہیہ، مختلف مناہج کے اعتبار سے ، متقدمین و متاخرین اور معاصرین، متکلمین، اہل تصوف وغیرہم کے اقوال و آراء کو جمع کر دیں ۔ تاکہ جو لوگ سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے فضائل کے انکاری ہیں ان کی حیثیت واضح ہو جائے۔
۱۔ عبید بن عمیر (ت: ۶۸ ہجری):
ایک سائل آیا اور اس نے عبید بن عمیر سے پوچھا: لوگ عائشہ رضی اللہ عنہا کے بارے میں کیا کہتے ہیں ؟ تو انھوں نے جواب دیا:’’لوگ جو کچھ کہتے ہیں سو کہتے ہیں البتہ ان کے خلاف کوئی بات سن کر دکھ اسی کو ہوتا ہے جس کی وہ ماں ہے۔‘‘[4]
|