دوسرا مبحث:
رفاقت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں گزرے سنہری ایام
پہلا نکتہ.... سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرتِ مدینہ سے تین سال پہلے سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ شادی کی۔ یہ اسی سال کی بات ہے جس سال سیّدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات ہوئی۔ امام عینی رحمہ اللہ شارح بخاری کے بقول صحیح ترین رائے کے مطابق ان کی وفات ہجرت سے تین سال پہلے ہوئی۔ ایک رائے پانچ سال اور ایک رائے چار سال پہلے کی ہے۔[1]
امام ابن عبدالبر رحمہ اللہ نے کہا:
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدینہ منورہ کی طرف بغرض ہجرت روانگی سے تین سال پہلے سیّدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے وفات پائی۔ اس سلسلے میں جو کچھ کہا گیاہے ان سب میں یہ قول بہترین اور ان شاء اللہ صحیح ترین ہے۔‘‘[2]
صحیح بخاری میں سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی یہ الفاظ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیّدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات کے تین سال بعد مجھ سے نکاح کیا۔[3]تو اس سے مراد ازدواجی تعلقات کا قیام ہے۔[4]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرتِ مدینہ کے سات یا آٹھ ماہ بعد سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے ازدواجی تعلقات قائم کیے۔ امام ابن مندہ رحمہ اللہ کے بقول:
’’جب وہ نو سال کی عمر کو پہنچیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں تشریف لانے کے سات ماہ بعد ان کے ساتھ ازدواجی تعلقات قائم کیے۔ ‘‘[5]
|