Maktaba Wahhabi

259 - 699
یعنی اگر ایسی لمبی قمیص یا میکسی پہنی ہو تو اس کے نیچے بوقتِ نماز تہبند کے طور پر استعمال کی جانے والی چادر بھی ہونی چاہیے،جس کا قائم مقام آج کل میکسی کے نیچے والا پاجامہ یا شلوار بھی ہوسکتی ہے۔ ایک دوسرے طریق سے مصنف ابن ابی شیبہ میں صحیح سند کے ساتھ حضرت عبداﷲ بن عَمرو رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انھوں نے فرمایا: ’’إِذَا صَلَّتِ الْمَرْأَۃُ فَلْتُصَلِّ فِيْ ثِیَابِھَا کُلِّھَا:اَلدِّرْعِ وَالْخِمَارِ وَالْمَلْحَفَۃِ‘‘[1] ’’عورت جب نماز پڑھے تو اسے چاہیے کہ اپنے تمام کپڑوں میں نماز پڑھے،یعنی پاؤں تک لمبی قمیص،دوپٹا اور اوپر کی بڑی چادر۔‘‘ امام ابن المنذر رحمہ اللہ نے امام عطا اور ابن سیرین رحمہ اللہ کے آثار بھی ذکر کیے ہیں،جن میں سے امام عطا رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’تُصَلِّيْ فِيْ دِرْعٍ وَّخِمَارٍ وَّإِزَارٍ‘‘[2] ’’عورت لمبی قمیص،دوپٹے اور ازار(پاجامہ)میں نماز پڑھے۔‘‘ امام ابن سیرین رحمہ اللہ نے تو امام عطا کے ذکر کردہ تین کپڑوں کے ساتھ ملحفہ کا بھی اضافہ کیا ہے کہ بڑی قمیص کے نیچے ازار یا پاجامہ بھی ہو اور دوپٹے کے اوپر بڑی چادر بھی ہو۔[3] اس طرح یہ چار کپڑے ہوجاتے ہیں۔ان تین یا چار کپڑوں پر دلالت کرنے والے آثار کو نقل کرنے کے بعد امام ابن المنذر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’فَإِنِّيْ أَظُنُّہٗ مَحْمُوْلًا عَلَی الْإِسْتِحْبَابِ‘‘[4] ’’میرا خیال ہے کہ یہ(دو سے زیادہ کپڑوں کا پہننا)استحباب پر محمول کیا گیا ہے۔‘‘ ان سے پہلے ذکر کیے گئے تین کپڑوں کا پتا دینے والے آثار کے بارے میں صاحبِ ارواء الغلیل لکھتے ہیں:
Flag Counter