Maktaba Wahhabi

545 - 589
سحر و طلسمات اور شعبدہ بازی سے خرقِ عادت نہیں ہوتا، اس لیے کہ یہ کام آلات و اسباب کے ذریعے سے ہوتے ہیں ۔ اولیاے کرام طعام، لباس، سواری اور مکان میں کسی سے ممتاز ہوتے ہیں نہ ان کی پیشانی پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ اولیا اللہ ہیں ، بلکہ مباحات میں یہ تمام لوگوں کی طرح ہوتے ہیں ۔ اولیا ہر طبقے میں ہوتے ہیں ۔ تجار، اہلِ حرفہ، کسان، اصحابِ سیف و سنان، علما؛ سبھی میں اولیا ہوتے ہیں ، شرط یہ ہے کہ وہ مبتدع، فاسق اور فاجر نہ ہوں ۔ پھر ان میں جو زیادہ متقی ہو، وہی بڑا ولی ہے۔ اولیا کی پہچان یہ ہے کہ وہ قرآن و حدیث پر جمے رہتے ہیں ، ان سے ہٹتے نہیں ۔ وہ معصوم ہوتے ہیں اور نہ قرآن و حدیث پر پرکھنے سے پہلے ان کی کسی بات کو ماننا جائز ہے۔ اس باب میں علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کتاب ’’الفرقان بین أولیاء الرحمٰن و أولیاء الشیطان‘‘ نہایت عمدہ ہے۔ اولیا سے کرامت کا ظہور نقضِ عادت کے طور پر ہوتا ہے، مثلاً لمبی مسافت وہ تھوڑی دیر میں طے کر لیتے ہیں ۔ ضرورت کے وقت ان کے پاس کھانا پانی موجود ہو جاتا ہے۔ مریم[ کی یہی کرامت تھی، یا وہ پانی پر چلے جاتے ہیں ، یا ہوا میں جاتے ہیں ، یا جانور ان سے بات کرتا ہے، یا کسی بلا کا آنا روک دیتے ہیں ، یا دشمنوں کی مہم درہم برہم کر دیتے ہیں ۔ لیکن یہ سب باتیں ان کے اختیار میں نہیں ہوتی ہیں ۔ یہ حکمِ الٰہی سے صادر ہوتی ہیں ۔ یہ کرامتیں کبھی کبھی کسی وقت صادر ہوتی ہیں اور یہ بھی لازم نہیں کہ صادر ہی ہوں یا جس سے صادر نہ ہوں ، وہ علم و تقویٰ کے باوجود ولی نہ ہو۔ ولی کو کبھی اپنا ولی ہونا بھی نہیں معلوم رہتا۔ خواجۂ نقشبند سے کسی نے کہا: کوئی کرامت دکھلاؤ، انھوں نے فرمایا: یہ کیا کم کرامت ہے کہ معاصی اور گناہوں کے بارگراں کے باوجود ہم زمین کے اوپر چلتے ہیں ، زمین کے اندر دھنس نہیں جاتے۔ اس سے زیادہ اور کیا کرامت دیکھنا چاہتے ہو؟ امام شافعیaنے فرمایا: اللہ کے ولی یہی علماے دین ہیں ، جو کتاب و سنت کا علم رکھتے ہیں اور ان کی پیروی کرتے ہیں ۔ اگر یہ لوگ ولی نہیں ہیں تو پھر اللہ کا کوئی ولی ہے ہی نہیں ۔ شیخ عبدالقادر جیلانی رحمہ اللہ یا اور کسی ولی اللہ نے فرمایا ہے کہ حنفیہ میں کبھی کوئی ولی نہیں ہوتا۔ یہ بات شاید اس لیے کہی ہو گی کہ اس طائفہ کا درو مدار رائے اور قیاس پر ہے اور ولایت کتاب و سنت کے اتباع کے بغیر مل نہیں سکتی، ا س لیے یہ لوگ ولی نہیں ہوتے ہیں ۔ واللّٰه أعلم۔ یہ کرامت در حقیقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا معجزہ ہے۔ کرامت کے صدور سے ولی کی ولایت ظاہر ہوتی ہے۔ نسفی نے کہا ہے:
Flag Counter