Maktaba Wahhabi

80 - 589
کی بنیاد پر اور اس زمانے میں جبکہ نواب صاحب کے رفقا اور مشاہدین ایک ایک کر کے سب اﷲ کو پیارے ہو چکے ہیں ، ان چیزوں کے سوا کوئی دوسری چیز اس بحث کی بنیاد بن بھی نہیں سکتی، ہم پورے وثوق کے ساتھ کہتے ہیں کہ ’’سیرت والا جاہی‘‘ کے یہ دونوں بیان غلط اور ناقابل اعتبار ہیں ، حتی کہ فارسی کی وہ عبارت بھی ان کے مدعا کی مثبت نہیں ہے، جس کو انھوں نے اس موقع پر اپنی تائید میں پیش کیا ہے۔ ہم ان دونوں بیانوں پر علی الترتیب الگ الگ گفتگو کرنا چاہتے ہیں ۔ ’’سیرت والا جاہی‘‘ کے دعویٰ اور دلیل میں مطابقت نہیں : مصنف ’’سیرت والا جاہی‘‘ نے دعویٰ یہ کیا ہے کہ نواب صاحب ہمیشہ مذہب حنفی کی طرف اپنے کو منسوب کرتے تھے۔ ’’منسوب کرنے‘‘ کے صاف معنی یہ ہیں کہ نواب صاحب اپنے متعلق خود کہا کرتے تھے یا لکھا کرتے تھے کہ میں حنفی ہوں اور ایسا وہ ’’ہمیشہ‘‘ کرتے تھے۔ بالفاظ دیگر، سیرت والا جاہی نے حنفی مذہب کی طرف انتساب کو خود نواب صاحب کا فعل بتایا ہے، لیکن اس کے ثبوت اور تائید میں فارسی کی جو عبارت انھوں نے نقل کی ہے، وہ ہرگز اس دعوے کے مطابق نہیں ہے۔ اس میں نواب صاحب نے مذہب حنفی کی طرف انتساب کو اپنا فعل نہیں قرار دیا ہے اور نہ یہ تسلیم کیا ہے کہ میں حنفی ہوں ۔ ہاں یہ البتہ کہا ہے کہ مذہب امام ابو حنیفہ کی طرف انتساب ’’معروف‘‘ ہے، یعنی انتساب کی نسبت انھوں نے عرف کی طرف کی ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ لوگوں کا عمل ہے، خود ان کا اپنا عمل یہ نہیں ہے۔ اس لیے اس عبارت سے یہ دعویٰ تو ثابت نہیں ہوتا کہ نواب صاحب اپنے کو مذہب حنفی کی طرف منسوب کرتے تھے اور جب یہ ثابت نہ ہوا تو یہ بھی ثابت نہ ہوگا کہ وہ ’’حنفی مذہب‘‘ تھے۔ رہا عرف کا معاملہ تو اس کے اعتبار سے یہ عبارت دو معنوں کا احتمال رکھتی ہے، ایک یہ کہ لوگ آپ کو حنفی مذہب کی طرف منسوب کرتے ہیں اور ہر چند یہ انتساب لوگوں میں معروف و مشہور ہے، لیکن میں نے اس شہرت کی پیروی نہیں کی۔ میں نے اتباعِ سنت کو اختیار کیا ہے۔ دوسرا احتمال یہ ہے کہ نواب صاحب نے اپنے ہی متعلق یہ بات کہی ہو کہ بہ ظاہر ان کا انتساب حنفی مذہب کی طرف معروف ہے، مگر پھر ساتھ ہی انھوں نے حرف استدراک ’’لیکن‘‘ سے اس توہم کو بھی دفع کیا ہے کہ اس ظاہری انتساب کا مطلب یہ نہ سمجھا جائے کہ میں امام ابو حنیفہ کا مقلد اور ان کے اقوال کا پابند ہوں ۔ میں نے اپنے قول و عمل کو تقلید کے عیب سے بچا کر اتباعِ سنت کی زینت سے آراستہ کیا ہے۔
Flag Counter