Maktaba Wahhabi

437 - 589
پہلی فصل عبادت کی اقسام گذشتہ اصول کی معرفت کے بعد تمھیں یہ بھی جان لینا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے عبادت کی کئی اقسام بیان فرمائی ہیں : 1۔اعتقادی عبادت: اعتقادی عبادت تمام انوعِ عبادات کی اساس ہے۔ یعنی بندہ اس بات کا معتقد ہو کہ اکیلا اللہ ہی معبود اور رب واحد ہے۔ ساری مخلوق اسی کی ہے، ہر جگہ اسی کا امر چلتا ہے اور وہی نفع و نقصان کا مالک ہے۔ اس کا کوئی شریک ہے نہ اس کے ہاں اس کی اجازت کے بغیر کوئی کسی کی سفارش کر سکتا ہے اور نہ اس کے سوا کوئی سچا معبود ہی ہے۔ اسی طرح الوہیت کے دیگر لوازم کا اعتقاد رکھنا لازم اور ضروری ہے۔ 2۔ لفظی عبادت: دوسری عبادت لفظی ہے، یعنی زبان سے کلمہ توحید پڑھنا۔ جس شخص نے دل میں مذکورہ اعتقاد تو رکھا، جب کہ زبان سے اس کااقرار نہ کیا تو اس کا خون اور مال محفوظ نہ ہو گا۔ وہ تو ابلیس کی طرح ہے کہ توحید کا اعتقاد و اقرار تو رکھتا ہے، لیکن اس نے سجدے کی بابت اللہ کے حکم کی بجا آوری نہ کی، اس لیے وہ کافر ہو گیا۔ جس نے کلمہ توحید کو زبان سے تو کہا، مگر دل میں اس کے مطابق اعتقاد نہ رکھا، اس کا خون اور مال محفوظ اور اس کا حساب اللہ پر ہے، لیکن وہ منافقوں کے حکم میں ہے۔ 3۔ بدنی عبادت: تیسری عبادت بدنی ہے، جیسے نماز میں قیام، رکوع اور سجود۔ روزہ، مناسکِ حج اور طواف بھی بدنی عبادت میں شامل ہیں ۔
Flag Counter