Maktaba Wahhabi

214 - 589
جو شخص اس کتاب کے مضامین کو بہ نظر غور سمجھ لے گا، اس پر ظاہراً اور باطناً شرکیہ اقوال، افعال، اعمال اور احوال کا سمجھنا بہت آسان ہو جائے گا۔ اس لیے کہ شرک کی اقسام باوجود کثرت کے مذکورہ بالا ان آٹھ مقامات کے دائرے سے خارج نہیں ہو سکتیں ۔ شرک کی اقسام کے حوالے سے رسالہ ’’الانفکاک عن مراسم الإشراک‘‘ خلاصہ ’’تقویۃ الإیمان‘‘ عوام کے لیے ایک شفیق استاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر اہلِ علم اس اجمال کی تفصیل جاننا چاہیں تو کتاب ’’دین خالص‘‘ موجود ہے۔ مدارجِ شرک اور مراتبِ توحید کا جاننا ہر شخص پر لازم ہے: ہر طالبِ عقبیٰ، تاجرِ آخرت، خواہش مندِ نجات، محبِ اسلام اور شیفتۂ ایمان پر لازم ہے کہ شرک کے مدارج کی تفتیش اور توحید کے مراتب کی تحقیق سے کبھی غفلت نہ کرے، کیوں کہ جیسے جیسے قیامت کی گھڑی قریب آ رہی ہے، دنیا اور اہلِ دنیا میں ہر روز شرک و کفر کی کوئی نہ کوئی نئی صورت برآمد ہوتی رہتی ہے اور انسان کو جہل یا غفلت کے سبب اس کے شرک یا کفر ہونے پر اطلاع نہیں ہوتی ہے۔ وہ اسے شرک یا کفر نہیں جانتا اور دیگر لوگوں کی طرح اس قول یا فعل یا حال میں گرفتار ہو کر اپنے ایمان کا سرمایہ برباد کر لیتا ہے اور اس کے باوجود اپنے آپ کو مسلمان ایمان دار خیال کرتا ہے، حالانکہ وہ مومن نہیں رہتا ہے۔ اللہ کے ہاں مشرک کا عذر مقبول نہیں : اس کا یہ جہل اللہ تعالیٰ کے ہاں قابلِ قبول نہیں ہو گا۔ شرک ایک تاریک رات میں کالے پتھر پر ایک سیاہ چیونٹی کی چال سے بھی زیادہ مخفی ہے اور شرک کے ستر دروازے ہیں ، جب کہ توحید کا فقط ایک ہی دروازہ ہے۔ اب جو چیز اس درجہ باریک اور مخفی ہو، اسے جاننے کے لیے بندۂ مومن پر تمام امور سے بڑھ کر اس کا اہتمام اور کوشش کرنا لازم ہے۔ کلمہ گو مشرک جہنمی ہے، جب کہ موحد گناہ گار جنتی ہے: مشرک کی قیامت کے دن ہر گز نجات نہیں ہو گی، اگرچہ وہ کلمہ گو اور انتہائی درجے کا عابد، زاہد اور متقی ہی کیوں نہ ہو، جبکہ موحد ایمان دار آگ کے عذاب سے ضرور نجات پائے گا، اگرچہ وہ کبیرہ گناہوں کا مرتکب ہو اور سزا کی خاطر جہنم میں داخل کیا جائے، لیکن ایک نہ ایک دن توحید اسے دوزخ سے باہر نکال لے گی، وللّٰہ الحمد۔
Flag Counter