Maktaba Wahhabi

219 - 611
’’غنیۃ الطالبین‘‘ ہی (ص: ۶۶۳) میں لکھتے ہیں: ’’اللہ کے بنائے ہوئے (اور اس کے حکم) کو کوئی رد نہیں کرسکتا۔ اور نہ اس کے بنائے ہوئے میں کوئی تبدیلی کر سکتا ہے۔ جسے اس نے عزت دی، اسے کوئی ذلیل نہیں کر سکتا اور جسے اس نے ذلیل کر دیا، اسے کوئی عزت دینے والا نہیں، جسے اللہ نے جمعیت بخشی، اسے کوئی پراگندہ نہیں کر سکتا، (اس کا شیرازہ نہیںبکھیر سکتا) اس کا کوئی شریک نہیں اور اس کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے۔‘‘ ’’غنیۃ الطالبین‘‘ ہی (ص: ۷۵۷) میں رقمطراز ہیں: ’’(تورات میں ہے:) اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وہ شخص ملعون ہے جو کسی اپنے جیسی مخلوق پر بھروسا کرتا ہے۔ بعض روایات میںہے کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: مجھے اپنی بزرگی اور جلال کی قسم! جوشخص میرے سوا کسی دوسرے سے امیدیں رکھتا ہے، میں اس کی امید ضرور قطع کروںگا اور اسے ان ہی لوگوں کے مابین ذلیل و خوارکروں گا۔ اسے اپنی قربت سے دور اور وصل سے محروم کردوں گا۔آیا سختی کے وقت میرے سوا دوسروں سے امیدیں رکھتے ہو اور اپنے خیالات سے غیروں کے دروازے کھٹکھٹاتے ہو؟ حالانکہ ان کے دروازوں پہ تالے پڑے ہیں اور ان کی چابیاں میرے ہاتھ میں ہیں۔‘‘[1] ارشادِ ربانی ہے: { اَللّٰہُ وَلِیُّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا یُخْرِجُھُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ وَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْٓا اَوْلِیٰٓئُھُمُ الطَّاغُوْتُ یُخْرِجُوْنَھُمْ مِّنَ النُّوْرِ اِلَی الظُّلُمٰتِ اُولٰٓئِکَ اَصْحٰبُ النَّارِ ھُمْ فِیْھَا خٰلِدُوْنَ} [البقرۃ: ۲۵۷] ’’اللہ ایمان والوں کا مدد گار ہے ان کو (کفر کے) اندھیرے سے نکال کر (ایمان کی) روشنی میں لاتا ہے اورکافروں کے حمایتی طاغوت ہیں ان کو روشنی سے (ایمان کی جو اللہ تعالیٰ نے ہر آدمی کی طرف میں رکھی ہے) نکال کر (کفر کے) اندھیرے میں لے جاتے ہیں۔ یہی لوگ دوزخی ہیں، ہمیشہ اس میں رہیں گے۔‘‘
Flag Counter