Maktaba Wahhabi

345 - 611
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے روزے: صوم (روزہ) سے متعلق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ یہ تھا کہ کوئی مہینا صوم رکھے بغیر نہیں گزرتا تھا۔ خاص طور پر سوموار اور جمعرات اور چاند کی ۱۳، ۱۴، ۱۵ تاریخ کا صوم رکھا کرتے۔ لباس اور اکل و شرب: جسم مبارک پر قمیص ہوتی جو نہایت پسند خاطر تھی۔ اس کی آستینیں صرف ہاتھ کے گٹوں تک ہوتی تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سر پر عمامہ پہنتے تھے اور عمامہ کا شملہ شانوں کے درمیان پشت پر رہتا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سرخ دھاری دار جوڑا بھی پہنا ہے، سبز اور سیاہ رنگ کا کپڑا بھی، سفید رنگ کا کپڑا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت مرغوب تھا۔ ویسے جس قسم کا کپڑا میسر آجاتا پہن لیتے۔ کسی خا ص صنف پر اصرار نہ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اچھے سے اچھا کپڑا بھی استعمال کرتے اور معمولی سے معمولی بھی، حتیٰ کہ پیوند تک لگا لیتے۔ آپ جوتے اور موزے بھی پہنتے تھے۔ آپ نے چاندی کی انگوٹھی بھی پہنی ہے، جس پر ’’محمد رسول اللہ‘‘ نقش تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کھانا پینا: اکل و شرب میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت یہ تھی کہ جو کھانا موجود ہوتا اسی پر اکتفا کرتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی کھانے کی مذمت نہیں کی، جو مرغوب ہوا وہ کھا لیا، ورنہ خاموشی کے ساتھ چھوڑ دیا۔ بارہا ایسا ہوا کہ گھر میں بالکل کھانا نہ رہا۔ بسا اوقات بھوک کی شدت سے پیٹ پر پتھر تک باندھ لیے اور تین تین دن تک غذا کے بغیر بھوکے رہے ہیں۔ پانی ہمیشہ بیٹھ کر پیتے لیکن کبھی کبھار کھڑے ہو کر پینا بھی ثابت ہے۔ جب پانی پیتے تو پیالہ منہ سے ہٹا کر تین مرتبہ سانس لیتے۔ بسم اللہ سے شروع کرتے اور الحمدللہ پر ختم کرتے۔ کھانے میں بھی یہی دستور تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا قضاے حاجت کا طریقہ: قضاے حاجت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ یہ تھا کہ اگر سخت زمین پر پیشاب کرنا ہوتا تو چھینٹے اڑنے کے خوف سے کسی لکڑی سے کرید کر زمین نرم کرلیتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ کر پیشاب کیا کرتے تھے۔ استنجا ہمیشہ بائیں ہاتھ کرتے۔
Flag Counter