Maktaba Wahhabi

292 - 611
12. سورت اخلاص کی فضیلت: اسی طرح سورت اخلاص کے بھی بہت فضائل و برکات ہیں۔ سورت اخلاص پڑھنے والوں سے اللہ تعالیٰ محبت فرماتے ہیں۔ اس کی کثرتِ تلاوت جنت میں لے جانے کا باعث ہے۔ حضرت معاذ بن انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} آخر تک دس بار پڑ ھی، اس کے لیے اللہ تعالیٰ جنت میں ایک گھر تعمیر کرتے ہیں۔‘‘[1] شیطان کے وسوسوں سے بچنے کے لیے سورۃ الاخلاص پڑھ کر بائیں جانب تین مرتبہ تھوکنا چاہیے۔ 13. سورۃ الفلق کی فضیلت: سورۃ الفلق اللہ تعالیٰ کو بہت زیادہ پسند ہے۔ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم (اونٹنی پر) سوار تھے۔ میں نے اپنا ہاتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدم مبارک پر رکھ دیا اور عرض کی: ’’مجھے سورت ہود اور سورت یوسف پڑھائیں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اللہ کے نزدیک سورت فلق سے بہتر سورت تم کوئی نہیں پڑھ سکتے۔[2] 14. معوذتین کی فضیلت: اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کر نے کے لیے معوذتین سے بہتر کوئی سورت نہیں۔ معوذتین آفاتِ سماویہ مثلاً طوفان، زلزلہ، سیلاب، قحط سالی اور آندھی وغیرہ سے بھی اللہ کی پناہ مہیا کرتی ہیں۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر نماز کے بعد معوذتین پڑھنے کا حکم دیا ہے۔ انسانوں کی نظرِ بد اور جن و شیاطین کے اثرات مثلاً جادو، سایہ، جنون، وساوس، حسد اور شیطانی خیالات وغیرہ سے بچنے کے لیے معوذتین سے بڑھ کر موثر کوئی دعا نہیں۔ سورت اخلاص، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس کی فضیلت اتنی ہے کہ تورات، زبور، انجیل حتیٰ کہ قرآن مجید میں بھی ان جیسے فضائل کی کوئی دوسری سورت نہیں۔ تمام قسم کے شیطانی شرور و فتن، وساوس اور دیگر مصائب و آلام سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنے کے لیے ان تینوں سورتوں سے بہتر کوئی سورت نہیں پائی گئی جس کے ذریعے پناہ مانگی جاسکے۔[3]
Flag Counter