Maktaba Wahhabi

64 - 611
سورۃ البقرہ (آیت: ۱۶۳) میں الوہیت کے بارے میں ارشادِ الٰہی ہے: { وَ اِلٰھُکُمْ اِلٰہٌ وَّاحِدٌ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ} ’’اور (لوگو!) تمھارا معبود ایک ہی (اللہ تعالیٰ) ہے، اُس بڑے مہربان (اور) رحم والے کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔‘‘ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے دلائل: اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کے بے شمار دلائل ہیں۔ جو شخص بھی ان پر غور وفکر کرے گا، اس کے علم کو پختگی حاصل ہوگی اور اس کا یقین بڑھ جائے گا کہ باری تعالیٰ اپنی ربوبیت والوہیت میں یکتا ولاثانی ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں۔ان دلائل میں سے چند ایک کو بطورِ مثال ذکر کیا جاتا ہے: 1 کائنات کی تخلیق اور اس کا عجیب وغریب نظم ونسق اللہ تعالیٰ کی قدرت کا عظیم شاہکار ہے۔ آدمی بھی غور وفکر اور سوچ بچار کرے گا، وہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا اقرار کیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ یہ زمین و آسمان، سورج اورچاند، حیوانات، نباتات وجمادات اور لیل و نہار کا بڑا ہی دقیق نظام؛ یہ سب چیزیں دلالت کرتی ہیں کہ وہ اکیلا ہی ان کا خالق ومالک اورعبادت کا مستحق ہے۔ سورۃ الانبیاء (آیت: ۳۱، ۳۲، ۳۳) میں ارشاد ِباری تعالیٰ ہے: { وَ جَعَلْنَا فِی الْاَرْضِ رَوَاسِیَ اَنْ تَمِیْدَ بِھِمْ وَ جَعَلْنَا فِیْھَا فِجَاجًا سُبُلًا لَّعَلَّھُمْ یَھْتَدُوْنَ . وَ جَعَلْنَا السَّمَآئَ سَقْفًا مَّحْفُوْظًا وَّ ھُمْ عَنْ اٰیٰتِھَا مُعْرِضُوْنَ وَ ھُوَ الَّذِیْ خَلَقَ الَّیْلَ وَ النَّھَارَ وَ الشَّمْسَ وَ الْقَمَرَ کُلٌّ فِیْ فَلَکٍ یَّسْبَحُوْنَ} ’’اور ہم نے زمین میں پہاڑ بنا دیے، تاکہ وہ ہچکولے نہ کھائے اور ہم نے اس میں کشادہ راہیں بنادیں تاکہ وہ راستہ معلوم کرلیں اور آسمان کو محفوظ چھت بھی ہم ہی نے بنایا ہے لیکن لوگ اس کی قدرت کی نشانیوں سے منہ پھیرنے والے ہیں۔ وہی اللہ ہے جس نے رات اور دن اور سورج اور چاند کو پیدا کیا ہے، سب اپنے اپنے مدار میں تیرتے پھرتے ہیں۔‘‘
Flag Counter