Maktaba Wahhabi

418 - 611
18. حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ’’میں نے تمھاری امت پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں، میں نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ جو شخص ان نمازوں کی حفاظت ان کے وقت پر کرے گا اس کو میں جنت میں داخل کروں گا اور جو ان کی حفاظت نہیں کرے گا اس کے لیے میرے پاس کوئی عہد نہیں ہے۔‘‘[1] 19. حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن اپنے صحابہ رضی اللہ عنہم کے پاس آئے اور ان سے کہنے لگے: ’’کیا تم جانتے ہو کہ تمھارا رب کیا کہتا ہے؟‘‘ لوگوں نے کہا: ’’اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم زیادہ جانتے ہیں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا تین مرتبہ کہا۔ پھر فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ مجھے میری عزت اور جلال کی قسم جو بھی شخص ان نمازوں کو ان کے وقت پر پڑھے گا، اس کو میں جنت میں داخل کروں گا اور جو شخص ان کے وقت کے علاوہ میں پڑھے گا تو اس پر میں چاہوں تو رحم کروں یا عذاب دوں (یعنی ان سے میرا کوئی وعدہ نہیں)۔‘‘ [2] 20. صحیح بخاری اور مسلم کی حدیث میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دیہاتی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا: ’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں کہ اگر میں اُسے کروں تو جنت میں جاؤں؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو اور اُس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، فرض نمازیں پڑھو، زکات ادا کرو اور رمضان کے روزے رکھو۔‘‘ اس نے کہا: ’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں اس سے کم یا زیادہ نہیں کروں گا۔‘‘ تو اسی وقت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص کسی جنتی آدمی کو دیکھنا چاہے تو وہ اس آدمی کو دیکھ لے۔‘‘[3]
Flag Counter