Maktaba Wahhabi

34 - 271
یعنی جواسلام کے علاوہ کسی اور دین کوچاہے گا تو وہ اس سے ہرگز قبول نہ کیاجائے گا اور وہ آخرت میں خسارہ پانے والوں میں سے ہوگا۔ یہاں اسلام سے مراد صرف وہ پانچ اعمالِ ظاہرہ ہی نہیں ہیں جن کا حدیث ِجبرئیل میں ذکر ہے ،بلکہ یہاں لفظ اسلام پورے دین کو شامل ہے جس میں تمام اعمالِ ظاہرہ اوراعمالِ باطنہ داخل ہیں۔ صرف لفظ ایمان کااستعمال ، اللہ تعالیٰ کے درج ذیل فرمان میں ہے: [وَمَنْ يَّكْفُرْ بِالْاِيْمَانِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُہٗ ۡوَہُوَفِي الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِيْنَ] یعنی جو ایمان کے ساتھ کفرکرے گا اس کے تمام اعمال اکارت جائیں گے اور وہ آخرت میں خسارہ پانے والوں میں سے ہوگا۔ یہاں ایمان سے مراد صرف وہ اعمالِ باطنہ ہی نہیں ہیں جن کا حدیثِ جبرئیل میں ذکر ہے، بلکہ یہاں کلمہ ایمان پورے دین کو شامل ہے ،جس میں ظاہری وباطنی تمام اعمال داخل ہیں۔ اسلام کے بنیادی ارکان جبرئیلعلیہ السلام کے سوال :’’اسلام کے بارے میں خبر دیجئے ‘‘ کے جواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ امورکا ذکرفرمایا: 1 ’’لاإلٰہ إلا اللہ ‘‘اور’’ محمدرسول اللہ ‘‘کی گواہی دینا۔ 2 نماز قائم کرنا۔ 3 زکاۃ دینا۔ 4 رمضان کے روزے رکھنا۔ 5 استطاعت ہوتوبیت اللہ کاحج کرنا۔
Flag Counter