Maktaba Wahhabi

230 - 452
اپنے رب پر توکل کریں گے۔ ‘‘[1] اس کے علاوہ ان پر جو اعمال واجب ہیں ان کی بھی بجا آوری کریں گے ، لہٰذا رمضان میں فوت ہو نے والے کے متعلق یہ عقیدہ رکھنا کہ وہ بغیر حساب جنت میں جائے گا درست نہیں، کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ ماہِ رمضان میں متعدد کافر بھی موت سے دو چار ہو تے ہیں ، کیا وہ بھی حساب سے بچ جائیں گے ؟ (واللہ اعلم) نماز تراویح اور خواتین سوال: کیا خواتین اس پر فتن دور میں نماز تراویح با جماعت ادا کر نے کے لیے مسجد میں جا سکتی ہیں، شریعت کے مطابق اس کی وضاحت کریں۔ جواب: مردوں کی طرح خواتین بھی نماز با جماعت ادا کرنے کے لیے مساجد میں جا سکتی ہیں، اگر چہ ان کا گھر میں نماز ادا کرنا زیادہ بہتر ہے تاہم اگر کوئی خاتون مسجد میں نماز تراویح با جماعت ادا کرنے کا شوق رکھتی ہے تو اس پر کوئی پابندی نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے :’’اگر تم میں سے کسی کی بیوی مسجد میں جا نے کی اجازت طلب کر ے تو وہ اسے منع نہ کرے۔ ‘‘[2] ایک دوسری حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ :’’اللہ کی بندیوں کو اللہ کی مساجد میں جانے سے مت روکو۔ ‘‘[3] ایک روایت میں ہے کہ وہ زیب و زینت کے بغیر سادہ کیفیت میں آئیں ۔ [4] بہر حال عورتوں کا مساجد میں آنا ان کے اپنے شوق پر مبنی ہے ، صحابیات مسجد میں نماز کے لیے آیا کر تی تھیں تاہم افضل یہی ہے کہ وہ گھر میں با پردہ ہو کر نماز ادا کریں جیسا کہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ ان کے گھر ان کے لیے بہتر ہیں۔[5] ہمارے اس پُر فتن دور میں عورتوں کی حالت نا گفتہ بہ ہے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان اور اللہ کی شریعت ہر چیز سے مقدم ہے لیکن عورتوں کو چاہیے کہ وہ جب نماز کے لیے مسجد میں آئیں تو درج ذیل امور کا خیال رکھیں۔ 1 مکمل پر دے کے ساتھ آئیں، بے پردگی اختیار نہ کریں۔ 2 خوشبو استعمال کر کے نہ آئیں اور نہ ہی اپنی زیب و زینت کی نمائش کریں۔ 3 عورتوں کی صف کسی صورت میں امام کے آگے نہ ہو بلکہ اس کے پیچھے رہے۔ 4 مسجد کی صفائی کا خیال رکھیں اور اس میں گندگی پھیلانے سے گریز کریں۔ 5 ان بچوں کو ہمراہ نہ لائیں جو شور و غل کر نے کے عادی ہیں۔ اگر حالات خراب ہوں اور فتنہ و فساد کا اندیشہ ہو تو ان کا اپنے گھروں میں تراویح پڑھنا زیادہ بہتر ہے۔ (واللہ اعلم) بھول کر کھانے پینے والے کو یاد دلانا سوال: عام لو گوں میں یہ بات مشہور ہے کہ اگر روزہ دار بھول کر کھاتا یا پیتا ہے تو اسے یاد نہیں دلا نا چاہیے کہ تم روزے سے ہو ، کیونکہ اللہ ہی کھلا تا اور پلاتا ہے ، شرعی طور پر اس کی کیا حیثیت ہے، وضاحت کریں۔
Flag Counter