Maktaba Wahhabi

461 - 452
کو قبول کرو ، اس کا گناہ صرف اسی پر ہو گا۔ ‘‘[1] ہاں اگر معلوم ہو جائے کہ کھانا حرام مال سے تیار کیا گیا ہے تو اس سے اجتناب کرنا چاہیے اور اسے تناول نہیں کرنا چاہیے۔ جیسا کہ حدیث میں ہے کہ ایک عورت نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کی ، جب کھانا پیش کیا گیا تو آپ نے فرمایا: میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ گوشت ایسی بکری کا ہے جسے اس کے مالک کی اجازت کے بغیر لیا گیا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کھانا خود نہیں کھایا بلکہ فرمایا کہ یہ کھانا قیدیوں کو کھلا دیا جائے۔ [2] بہر حال ایسے دوست کا بائیکاٹ نہ کیا جائے بلکہ اسے قرآن و حدیث سے وعظ کرتے رہنا چاہیے ممکن ہے کہ وعظ و نصیحت کرنے سے وہ غلط کاروبار سے توبہ کر لے۔ ہاں اگر ایسے آدمی کی دعوت قبول نہ کرنے میں یہ امکان ہو کہ وہ توبہ کر کے غلط کاروبار چھوڑ دے گا تو اچھے اندز میں بائیکاٹ کیا جا سکتا ہے تاکہ اسے احساس ہو کہ میرے غلط کام کرنے پر میرے دوست گھر آنا جانا چھوڑ دیں گے ، آدمی کو موقع محل دیکھ کر کوئی مناسب اقدام کرنا چاہیے۔ مریضہ کا دودھ سوال:ایک عورت کو ایڈز کا مرض لاحق ہے، کیا وہ ایسے حالات میں اپنے تندرست بچے کو دودھ پلا سکتی ہے اور اس کی پرورش کرنے میں کوئی حرج تو نہیں؟ جواب: طب جدید نے اس سلسلہ میں جو معلومات فراہم کی ہیں ان کے مطابق ایڈز کی شکار ماں اپنے بچے کو دودھ پلا سکتی ہے اور اس کی پرورش کر سکتی ہے کیونکہ بچے کو دودھ پلانے اور اس کی پرورش کرنے سے بچے کو خطرہ یقینی نہیں۔ اس سلسلہ میں اس کی حالت عام ہے جس میں ایک دوسرے سے میل جول ہو سکتا ہے البتہ یہ بیماری جنسی ملاپ سے آگے پھیلتی ہے اس لئے میاں بیوی میں سے جو تندرست ہو اسے یہ حق ہے کہ وہ ایڈز کے مریض سے الگ ہو جائے خواہ وہ خاوند ہو یا بیوی۔ اطباء کا کہنا ہے کہ ایڈز کا مرض جنسی تعلقات قائم کرنے سے دوسرے کو بھی لگ جاتا ہے۔ بہر حال دودھ پلانے اور بچوں کی پرورش کرنے سے اس کا کوئی اندیشہ نہیں لہٰذا ایڈز کی شکار ماں اپنے تندرست بچے کو دودھ پلا سکتی ہے۔ شریعت میں اس کے متعلق کوئی ممانعت نہیں ۔ اگر طبی طور پر کوئی ممانعت نہیں تو وہ اپنے بچے کی پرورش کر سکتی ہے اور اسے دودھ بھی پلا سکتی ہے۔ ( واللہ اعلم) سونے چاندی کے برتن بطور زینت گھر میں رکھنا سوال: سونے اور چاندی کے برتن خوبصورتی اور زینت کے لئے گھر میں رکھنا جائز ہیں یا نہیں،قرآن و حدیث کی روشنی میں وضاحت کریں؟ جواب: سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا اور پینا تو بالاتفاق جائز نہیں، چنانچہ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ سونے اور چاندی کے برتنوں میں نہ پیو اور نہ ہی ان سے بنی ہوئی پلیٹوں میں کھاؤ، کیونکہ دنیا میں یہ
Flag Counter