Maktaba Wahhabi

139 - 452
نماز عید کی شرعی حیثیت سوال: نماز عید فرض ہے یا سنت ، قرآن و حدیث میں اس کی کیا حیثیت ہے ، کیا یہ فرض ہے کہ اس کا تارک گنہگار ہو گا یا اس کا پڑھنا مستحب ہے کہ اس کے چھوڑنے سے کوئی گناہ نہیں ہو گا، وضاحت فرمائیں؟ جواب: نماز عید کے متعلق اہل علم میں کچھ اختلاف ہے، کچھ حضرات کا خیال ہے کہ نماز عید فرض نہیں بلکہ ایسی سنت ہے جس کے متعلق بہت تاکید کی گئی ہے۔ جبکہ اکثر اہل علم کا موقف ہے کہ نماز عید فرض ہے۔ پھر فرض کے قائلین میں سے کچھ اسے فرض کفایہ قرار دیتے ہیں کہ چند حضرات اگر پڑھ لیں تو باقی لوگوں سے کفایت کر جاتی ہے۔ جبکہ اکثر حضرات اسے فرض عین قرار دیتے ہیں کہ ہر مسلمان عاقل و بالغ پر اس کا ادا کرنا ضروری قرار دیا ہے۔ ہمارا رجحان یہ ہے کہ نماز عیدین نماز پنجگانہ کی طرح فرض ہے اور اس کا ادا کرنا ضروری ہے ، عدم ادائیگی کی صورت میں انسان گنہگار ہو گا جیسا کہ امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے بھی صلوٰۃ عیدین کو فرض عین قرار دیا ہے۔[1] 1 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دس سال مدینہ طیبہ میں قیام فرمایا اور دس سال پابندی کے ساتھ عیدین کی نماز پڑھتے رہے، آپ کے بعد خلفائےراشدین نے بھی عیدین کی نماز کو بڑی پابندی اور اہتمام سے ادا کیا ، ایک دفعہ بھی نماز عیدین کا ترک ثابت نہیں۔ 2 نماز عیدین سے اسلام کی شان و شوکت کا اظہار مقصود ہے، اس بناء پر صلوٰۃ جمعہ کی طرح یہ بھی واجب ہے، جو لوگ بالکل اسے ادا نہ کریں، ان سے قتال کیا جائے گا تاکہ وہ نماز عید پابندی سے ادا کریں۔ 3 نماز عید کی ادائیگی اور اس دن اجتماع عظیم میں حاضری عورتوں کے لئے بھی ضروری ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن عورتوں کو باہر کھلے میدان میں نکلنے کا حکم دیا ہے حتیٰ کہ جس کے پاس پردے کے لئے اپنی ذاتی چادر نہیں اسے بھی حاضری کا حکم دیا گیا ہے۔ 4 اگر جمعہ اور عیدین ایک دن جمع ہو جائیں تو جمعہ کے متعلق رخصت ہے۔ حالانکہ جمعہ واجب ہے، اگر صلوٰۃ عید فرض نہ ہوتی تو دوسرے فرض کو کیسے ساقط کر سکتی تھی۔ یہ بھی اس امر کی دلیل ہے کہ صلوٰۃ عیدین دیگر نماز پنجگانہ کی طرح فرض عین ہے۔ ( واللہ اعلم) سعودیہ کے ساتھ نماز عید سوال: آج کل اکثر یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ یکجہتی کے پیش نظر عیدین کی نماز سعودیہ کے مطابق کیوں نہیں ادا کی جاتی ، اس جذباتی سوال کا شافی جواب دیں کہ سعودی عرب کے ساتھ نماز عیدین کیوں نہیں ادا کی جاتی ؟ جواب: اس میں کوئی شک نہیں کہ سعودی عرب کے ساتھ ہماری ذہنی اور مذہبی وابستگی ہے ۔ غالباً مذکورہ سوال کا پس منظر بھی یہی معلوم ہوتا ہے ، مگر دین اسلام ہم سے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ رمضان کے روزے اور عیدین کے متعلق دین اسلام کا اصول یہ ہے کہ : ’’ چاند دیکھ کر روزہ رکھنے کی ابتداء کرو اور چاند دیکھ کر ہی روزوں کو ختم کرو یعنی عیدین مناؤ۔‘‘[2]
Flag Counter