Maktaba Wahhabi

80 - 452
فرمائیں ، کیونکہ ہمارے ہاں کچھ لوگ اس کے متعلق بہت زور دیتے ہیں۔ جواب: نماز میں قرأت کر تے وقت سورتوں کی تر تیب کا لحاظ رکھنا نہ واجب اور نہ اسے سنت کا درجہ دیا جا سکتاہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دفعہ رات کی نماز میں پہلے سورۃ بقرۃ تلاوت کی اس کے بعد سورۃ النساء پھر سورۃ آل عمران پڑھی۔ [1] حالانکہ سورۃ نساء، سورۃ آل عمران کے بعد ہے ، اسی طرح امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے ایک عنوان بایں طور قائم کیا ہے:’’دو سورتیں ایک رکعت میں پڑھنا ، سورتوں کی آخری آیات یا سورتوں کو تقدیم و تاخیر سے پڑھنایا سورتوں کی ابتدائی آیات پڑھنے کا بیان۔‘‘ پھر اس مسئلہ کو ثابت کرنے کے لیے چند احادیث و آثار کا حوالہ دیا ہے جو اس مسئلہ کے اثبات کے لیے کافی ہے ، طالبِ حق کو بخاری کے اس مقا م کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ دوران نماز سلام کا جواب سوال: کیا دورانِ نماز سلام کا جواب دیا جا سکتا ہے ؟ اس کی کتاب و سنت سے کوئی دلیل ہو تو ضرور ذکر کریں، پھر اگر جواب دینا جائز ہے تو کیسے دیا جائے؟ جواب: اگر کوئی نماز پڑھ رہا ہے تو اس دوران باہر سے آنے والا شخص سلام کہے تو دوران نماز و علیکم السلام کہنے کے بجائے وہ اپنے ہاتھ کے اشارے سے اس کا جواب دے گا، چنانچہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انھوں نے کہا میں نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ سے دریافت کیا کہ دوران نماز جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو لوگ سلام کہتے تو کیا آپ انہیں جواب کہہ دیتے تھے؟ تو انھوں نے کہا’’اس طرح کرتے ‘‘ پھر انھوں نے اپنا ہاتھ پھیلا دیا۔ [2] دوران نماز باہر سے آنے والے کو چاہیے کہ اگر وہ سلام کہنا چاہتا ہے تو بآ واز بلند سلام کہنے کے بجائے اپنی آواز کو ذرا آہستہ کرے تاکہ دوسرے نمازی خلل اندازی کا شکار نہ ہو ں اور نمازی کو چاہیے کہ وہ منہ سے وعلیکم السلام کہنے کے بجائے اپنے ہاتھ سے اشارہ کر کے اس کا جواب دے دے۔ ( واللہ اعلم) دورانِ نماز موذی چیز کو مارنا سوال: اگر دوران نماز بچھو وغیرہ نظر آ جائے تو کیا اسے مارا جا سکتا ہے؟ جواب: دوران نماز اگر کوئی بھی نقصان دہ چیز سامنے آئے تو اسے ختم کیا جا سکتا ہے مثلاً اگر دوران نماز موبائل کی گھنٹی بجنا شروع ہو جائے یا بجلی بند کرنے کی ضرورت پڑے اور بجلی کا بٹن سامنے ہو تو ایسے حالات میں موبائل یا بجلی بند کی جا سکتی ہے اگر بچھو نظر آئے تو اسے بھی دوران نماز مارا جا سکتا ہے چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’تم نماز میں دو سیاہ جانوروں یعنی سانپ اور بچھو کو مار دیا کرو۔ ‘‘[3] اس حدیث کے پیش نظر دوران نماز کسی بھی نقصان دہ چیز کو ختم کیا جا سکتا ہے ، اگر بچھو وغیرہ نظر آئے تو اسے بھی مارا جا سکتا ہے۔ (واللہ اعلم)
Flag Counter