Maktaba Wahhabi

433 - 452
لہٰذا ایسے حالات میں تحائف دینے اور لینے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ واللہ اعلم گرہن کے اثرات سوال:میری بیوی حاملہ ہے اور محلے کی عورتیں اسے کہتی ہیں کہ جب سورج یا چاند گرہن لگے تو اس وقت باہر نہیں نکلنا چاہیے کیونکہ گرہن کے وقت حمل پر برے اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے ، کیا واقعی گرہن کے وقت ایسے برے اثرات کا اندیشہ ہوتاہے؟ جواب: سوال میں ذکر کردہ باتیں دورِ جاہلیت کی یادگار ہیں ، مسلمان کو اس قسم کے توہمات کو دل سے نکال دینا چاہیے۔ اسلام میں ان باتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں سورج کو گرہن لگا، اتفاق سے اس وقت آپ کے لخت جگر حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی فوت ہوئے تو لوگوں میں اس طرح کی باتیں ہونے لگیں، آپ نے وضاحت فرمائی کہ بے شک سورج اور چاند اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں ، سورج اور چاند کو کسی شخص کی موت یا اس کی پیدائش کی وجہ سے گرہن نہیں لگتا، لہٰذا جب تم گرہن دیکھو تو اللہ کا ذکر کرو ، نماز پڑھو اور صدقہ کرو۔ [1] اس حدیث کی بنا پر سورج گرہن کے وقت اللہ کا ذکر کرنا چاہیے اور صدقہ و خیرات دینا چاہیے۔ اس وقت حمل پر کسی قسم کے اثرات مرتب نہیں ہوتے ، اس قسم کی دیگر باتیں عقیدہ کی کمزوری کی وجہ سے ہوتی ہیں، اللہ ہمیں ان سے محفوظ رکھے۔ آمین! نوکرانی کا حکم سوال:ہمارے گھر میں ایک نوکرانی کام کاج کرتی ہے، بعض اوقات میں گھر میں نہیں ہوتی، صرف میرے میاں ہوتے ہیں اور وہ نوکرانی گھر میں کام کرتی رہتی ہے ، اس کے متعلق کتاب و سنت کا کیا حکم ہے، براہ کرم ہماری راہنمائی فرمائیں؟ جواب: گھر میں کام کرنے والی نوکرانی پر وہی احکام نافذہیں جو عام عورتوں کے لئے ہیں، وہ غیر محرم لوگوں سے پردہ کرے گی اور آپ کے میاں اس کے لئے غیر محرم ہیں ، اس کے سامنے نوکرانی کا اپنی زیب و زینت کا اظہار کرنا جائز نہیں ہے بلکہ اگر گھر میں آپ کے میاں اکیلے ہیں تو نوکرانی کا گھر میں کام کاج کرنا بھی محل نظر ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’ کوئی آدمی کسی عورت کے محرم کے بغیر اس کے ساتھ خلوت نہ کرے۔‘‘ [2] بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا ہے: ’’ کوئی آدمی کسی عورت کے ساتھ خلوت نہیں کر تا مگر تیسرا ان کے ساتھ شیطان ہوتا ہے۔‘‘[3] ان احادیث کی روشنی میں ہمیں اپنی گھریلو طرز معاشرت کے متعلق غور کرنا ہو گا ، گھر میں کام کاج کرنے والی نوکرانی بھی عورت ہے اور اس پر وہی پابندیاں ہیں جو عام عورت کے لئے ہوتی ہیں، لہٰذا نوکرانی کو بھی آپ کے میاں سے پردہ کرنا ہو گا اور ان دونوں کا اکیلے گھر میں اکٹھے رہنا بھی کئی ایک فتنوں کا پیش خیمہ بن سکتا ہے بلکہ ایسے واقعات ہم روزانہ اخبارات میں پڑھتے ہیں جو
Flag Counter