Maktaba Wahhabi

380 - 452
سے نرمی کرنے پر آمادہ نہیں تھے، آخر یہ کون سا اسلام ہے جس پر ہم عمل پیرا ہیں؟ اسلام کی تعلیم تو یہ ہے کہ ’’ عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہے وہ آپ کے ساتھ کبھی ایک انداز پر گذر بسرنہیں کرے گی اگر تم اس سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہو تو اس کے ٹیٹرھے پن کے ساتھ ہی اس سے فائدہ حاصل کرو اور اگر تم نے اسے سیدھا کرنے کی کوشش کی تو تم اسے توڑ بیٹھو گے اور اس کا توڑنا اسے طلاق دینا ہے۔[1] نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ کوئی مومن شوہر اپنی مومن بیوی سے بغض نہ رکھے، اگر اس کی کوئی عادت اسے ناپسند ہے تو اسے اس کی کوئی دوسری عادت پسند بھی ہو گی ۔ ‘‘[2] رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نیک خاتون کو اس طرح تلقین فرمائی کہ جو عورت اس حال میں فوت ہو کہ اس کا شوہر اس سے راضی تھا تو وہ جنت میں داخل ہو گی۔ [3] ہماری اس دراز نفسی کا مطلب یہ ہے کہ بیوی خاوند دونوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے اور دین اسلام میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق و فرائض کا خیال رکھنا چاہیے ، اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق دے۔ (آمین) پردہ میں تخفیف کن عورتوں کے لئے ہے سوال:قرآن کریم میں خاص قسم کی عورتوں کو پردے میں تخفیف کا حکم ہے، وہ کونسی عورتیں ہیں اور پردے میں تخفیف سے کیا مراد ہے ؟ اس کی وضاحت کر دیں؟ جواب: وہ آیت جس میں پردے کے متعلق کچھ تخفیف کا حکم ہے ، اس کا ترجمہ حسب ذیل ہے: ’’ اور جو عورتیں جوانی سے گزری بیٹھی ہوں اور نکاح کی توقع نہ رکھتی ہوں ، وہ اگر اپنی چادریں اتار لیا کریں تو ان پر کچھ گناہ نہیں بشرطیکہ زیب و زینت کی نمائش کرنے والی نہ ہوں تاہم اگر وہ پرہیز ہی کریں تو یہ ان کے حق میں بہتر ہے۔ ‘‘[4] اس آیت کریمہ میں ’’ القواعد‘‘ سے مراد بوڑھی اور عمر رسیدہ عورتیں ہیں، جنہیں بڑھاپے کی وجہ سے حیض آنا بند ہو گیا ہو اور وہ ازدواجی زندگی کے کام کاج سے فارغ ہو چکی ہوں، نیز وہ اولاد جنم دینے کے قابل نہ رہی ہوں،جنکی جنسی خواہش اس قدر مر چکی ہو کہ اگر کوئی مرد انہیں دیکھے تو اس کے صنفی جذبات میں تحریک پیدا نہ ہو یعنی بوڑھی کھوسٹ عورتیں ، ایسی عورتوں سے ’’ وضع ثیاب‘‘ سے بدن کے کپڑے اتار دینا نہیں ہے بلکہ اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ ان عورتوں سے حجاب کی پابندیاں اٹھ جاتی ہیں اور کپڑے اتارنے سے مراد حجاب کے کپڑے اتار دینا ہے اور وہ دو ہیں: (الف) ایک دوپٹہ ہے جس سے عورتیں اپنا سر اور گریبان ڈھانپتی ہیں اور اس کا تعلق گھر کے اندر کی دنیا سے ہے، یعنی بوڑھی عورتیں اگر گھر کے اندر اپنا دو پٹہ اتار دیں تو انہیں رخصت ہے۔
Flag Counter