Maktaba Wahhabi

370 - 452
قربانی سے ممنوع انتفاع سوال:قربانی سے کس قسم کا انتفاع منع ہےاور کس قسم کا انتفاع جائز ہے ، اس کے متعلق ہمیں تفصیل سے آگاہ کریں۔ جواب: قربانی کا گوشت خود کھانا ، دوسروں کو کھلانا اور اس کا ذخیرہ کرنا جائز ہے۔ اسی طرح اس کی کھال کو ذاتی مصرف میں بھی لایا جا سکتا ہے لیکن قربانی کی کوئی چیز فروخت کرنا منع ہے۔ اس کی کھال، اس کی اون، اس کے بال، اس کا گوشت اور اس کی ہڈیاں وغیرہ کو بیچا نہیں جا سکتا۔کیونکہ جو چیز اللہ کی راہ میں وقف ہو جائے ، وقف کنندہ اسے فروخت نہیں کر سکتا۔ جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ھدی اور قربانی کے گوشت کو مت فروخت کرو بلکہ اسے خود کھاؤ، صدقہ کرو اور اس کے چمڑے کو بھی اپنے استعمال میں لاؤ۔ ‘‘[1] اس حدیث کی سند اگرچہ ضعیف ہے لیکن اس کا معنی صحیح ہے ، دیگر آثار و فرائض سے اس کی تائید ہوتی ہے۔ امام شافعی رحمہ اللہ اور امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا یہی موقف ہے البتہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اسے فروخت کیا جا سکتاہے لیکن اس کے عوض ملنے والی رقم کو صدقہ کر دیا جائے، لیکن صحیح موقف یہی ہے کہ قربانی کی کسی چیز کو فروخت کرنا صحیح نہیں ۔ کھال وغیرہ اگر کسی کو دے دی جائے تو وہ اسے فروخت کر کے اس کی قیمت اپنے استعمال میں لا سکتا ہے۔ اسی طرح قربانی کے گوشت سے قصاب کی اجرت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی اس کی کھال بطور اجرت دی جا سکتی ہے۔ چنانچہ حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں حکم دیا تھا: ’’ قربانی کا گوشت ، اس کی کھالیں اور ان کے اوپر والی چادریں غرباء میں تقسیم کر دی جائیں، اس کے علاوہ قصاب کو بطور اجرت اس سے کچھ نہ دیا جائے۔‘‘ [2]ایک روایت میں صراحت ہے کہ ہم قصاب کو ذبح کرنے اور گوشت بنانے کی اجرت اپنی طرف سے دیتے تھے۔ [3] (واللہ اعلم) خصی جانور کی قربانی سوال:قربانی میں خصی جانور ذبح کرنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ ہمارے ہاں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ خصی جانور کی قربانی ناجائز ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جانور کو خصی کرنے سے منع فرمایا ہے، قرآن و حدیث کی روشنی میں اس کی وضاحت فرمائیں؟ جواب: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خصی اور نر دونوں قسم کے جانور بطور قربانی ذبح کرنا ثابت ہے جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا مینڈھا قربان کیا کرتے تھے جو سینگوں والا نر ہوتا تھا۔[4] اس طرح حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان کر تے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قربانی کے دن دو مینڈھے ذبح کیے جو سینگوں ولاے چتکبرے اور خصی تھے۔ [5] خصی جانور کے بارے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اور حضرت ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ سے بھی احادیث مروی ہیں۔[6]
Flag Counter