Maktaba Wahhabi

214 - 452
وہ محرم کے بغیر سفر کرے اور عورت کسی عورت کی محرم نہیں ہو سکتی، لہٰذا اس کے ساتھ سفر کرنا بھی ناجائز ہے۔ (واللہ اعلم) نابالغ بچے کا حج سوال:ہم دونوں میاں بیوی اللہ کے فضل و کرم سے اس سال حج پر جانے کا پروگرام رکھتے ہیں، اس کے لئے ہم نے درخواست بھی جمع کرا دی ہے ، ہمارے ساتھ ۵سال کا بیٹا بھی ہے، ہم اسے اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں، کیا وہ بھی مناسک حج میں شریک ہو سکے گا ، وضاحت فرمائیں؟ جواب: نابالغ بچہ حج کر سکتا ہے، اسے دوسرے لوگوں کی طرح احرام پہنایا جائے اور وہ مناسک حج ادا کرے، لیکن بالغ ہونے کے بعد اسے دوبارہ حج کرنا ہو گا، بچپن کا حج، بلوغت کے بعد کےلئے کافی نہیں ہو گا، اگر آئندہ کسی وقت بلوغ کے بعد اس پر حج فرض ہوتا تو اسے نیا حج کرنا ہو گا، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں ایک عورت اپنے بچے کو اٹھا کر لائی اور عرض کرنے لگی:کیا اس کےلئے حج ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہاں لیکن اس کا ثواب تجھے ملے گا۔‘‘[1] اس سلسلہ میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جو بچہ حج کرے پھر وہ بلوغت کو پہنچ جائے تو اس پر ضروری ہے کہ وہ دوسرا حج کرے۔ ‘‘[2] ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ نابالغ بچہ حج کر سکتا ہےاور اس کا حج صحیح ہے لیکن آئندہ بلوغ کے بعد اگر اس پر حج فرض ہوا تو بچپن کا حج اس کے لئے کافی نہیں ہو گا بلکہ اسے نیا حج کرنا ہو گا، نیز نابالغ بچہ اسی طریقہ اور انداز سے حج کرے گا جس طرح دوسرے لوگ کرتے ہیں۔ ( واللہ اعلم) عمرہ کےلئے کوئی وقت مقرر نہیں سوال:حج تو ذوالحجہ کے مہینہ میں کیا جاتا ہے ، کیا عمرہ کے لئے بھی کوئی وقت مقرر ہے یا جب چاہیں کر سکتے ہیں، کتاب و سنت کی روشنی میں راہنمائی فرمائیں؟ جواب: عمرہ کے لئے کوئی وقت مقرر نہیں بلکہ پورے سال میں کسی وقت بھی کیا جا سکتا ہے، البتہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام عمرے حج کے مہینوں میں ہی ادا کئے تھے، اس کی وجہ یہ ہے کہ دور جاہلیت میں کفار کی طرف سے پابندی ہوا کرتی تھی کہ حج کے مہینوں میں عمرہ نہ کیا جائے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پابندی کو عملی طور پر ختم کرنے کے لئے حج کے مہینوں میں عمرے ادا کئے تھے، لیکن امت کے لئے عمرہ کرنے کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے، البتہ ماہ رمضان میں عمرہ کرنا فضیلت کا باعث ہے جیسا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ رمضان میں عمرہ کرنا حج کے ثواب کے برابر ہے۔‘‘[3] اگر انسان کے پاس فرصت ہو تو اسے یہ فضیلت ضرور حاصل کرنی چاہیے، واضح رہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عمرہ ماہ رجب میں کیا تھا۔ [4]
Flag Counter