Maktaba Wahhabi

491 - 512
صاحب احترام ہیں لہٰذا آخرت کے لیے عمل کرنے والوں میں سے بنو اور اپنے عمل سے اللہ کی رضا طلب کرو اور اپنے ساتھیوں کے لیے باپ بن کر رہو۔ نماز کا اہتمام کرو، نماز کا اہتمام کرو، اس کا جب وقت ہو جائے تو اذان دو اور کوئی بھی نماز اس وقت تک نہ پڑھو جب تک لشکر کے لوگ اذان سن نہ لیں اور جب دشمن سے مڈبھیڑ ہو تو اللہ سے تقویٰ اختیار کرو اور اپنے ساتھیوں پر تلاوت قرآن لازم کر دو اور انہیں جاہلیت کے واقعات بیان کرنے سے روکو، اس سے ان کے مابین عداوت جنم لے گی۔ دنیا کی چمک دمک اور رنگینیوں سے اعراض کرو، یہاں تک کہ اپنے ان اسلاف سے جا ملو جو گذر چکے ہیں اور ان ائمہ میں سے بنو جن کی مدح قرآن میں بیان کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَجَعَلْنَاهُمْ أَئِمَّةً يَهْدُونَ بِأَمْرِنَا وَأَوْحَيْنَا إِلَيْهِمْ فِعْلَ الْخَيْرَاتِ وَإِقَامَ الصَّلَاةِ وَإِيتَاءَ الزَّكَاةِ ۖ وَكَانُوا لَنَا عَابِدِينَ (الانبیاء: ۷۳) [1] ’’ہم نے ان کو پیشوا بنا دیا کہ ہمارے حکم سے لوگوں کی رہبری کریں اور ہم نے ان کی طرف نیک کاموں کے کرنے اور نمازوں کے قائم رکھنے اور زکوٰۃ دینے کی وحی (تلقین) کی اور وہ سب کے سب ہمارے اطاعت گذار بندے تھے۔‘‘ یہ وہ اہم ترین اللہ، قائدین اور لشکر کے حقوق ہیں جنہیں ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اپنے قائدین کی نصیحتوں اور خطوط میں ذکر فرمایا ہے۔ فارس و روم کی قوتوں کا صفایا کرنے کا راز: اسلامی فتوحات کی تحریک میں غور و فکر کرنے سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ابوبکر رضی اللہ عنہ کے لشکر کو کس قدر توفیق بخشی۔ یہ ظفر مند لشکر عراق وشام کی طرف روانہ ہوا اور روم و فارس کی طاقت وشوکت کو توڑنے اور جنگ کی تاریخ میں تھوڑے سے وقت میں ان کے ملک کو فتح کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس فتح کی سرعت وتیزی کا سبب دو طرح کے عوامل و اسباب ہیں: ایک وہ عوامل جو مسلم فاتحین سے متعلق ہیں اور دوسرے ان اقوام سے متعلق ہیں جن کے ممالک کو مسلمانوں نے فتح کیا۔ مسلمانوں سے متعلق عوامل:(۱)… دین حق پر مسلمانوں کا ایمان جس کی خاطر وہ قتال کر رہے تھے۔ (۲) … رزق وموت اور قضاء وقدر کے سلسلہ میں مسلمانوں کا اپنے رب پر یقین کامل۔ (۳)… جنگی صفات مسلمانوں میں گھر کر چکی تھیں۔ (۴)… دوسری اقوام کے ساتھ مسلمانوں کی رواداری اور عدل وانصاف۔ (۵)…جزیہ و خراج مقرر کرنے میں مسلمانوں کی رحمت وشفقت اور ان سے کیے گئے عہد و پیمان کو پورا کرنا۔
Flag Counter