Maktaba Wahhabi

356 - 512
کاتب تھا۔ اس کو مسیلمہ نے اپنے بہت ہی قریب کر لیا تھا، کسی کو قربت کا یہ مقام حاصل نہ تھا۔ وہ ایک دن ہمارے پاس آیا اور کہا: تباہی ہے اے یمامہ والو! تمہارا ساتھی واللہ کذاب ہے۔ میرے خیال میں تم مجھے متہم قرار نہیں دو گے، (کہ میری اس بات میں شبہ کرو) کیونکہ تم یہ جانتے ہو کہ اس کے نزدیک میرا کتنا بڑا مقام ہے لیکن واللہ وہ تم سے جھوٹ بولتا ہے اور تم سے باطل کی بیعت لیتا ہے۔ خالد رضی اللہ عنہ نے مجاعہ سے دریافت کیا کہ پھر اس بحرینی نے کیا کیا؟ اس نے جواب دیا کہ وہ اس کے پاس سے بھاگ کھڑا ہوا۔ خالد رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اس خبیث کے کچھ اور جھوٹ بیان کرو۔ اس پر مجاعہ نے اس کے کچھ رجزیہ کلام پیش کیے۔ اس پر خالد رضی اللہ عنہ نے اس سے پوچھا: کیا تم لوگ اس کو حق سمجھتے تھے اور اس کی تصدیق کرتے تھے؟ اس نے کہا: اگر یہ ہمارے نزدیک حق نہ ہوتا تو کل آپ کے مقابلہ میں دس ہزار تلواریں جمع نہ ہوتیں۔ خالد رضی اللہ عنہ نے فرمایا: تمہارے مقابلہ میں اللہ ہمارے لیے کافی ہے۔ وہ اپنے دین کو غالب کرے گا۔ یہ لوگ ہم سے نہیں اللہ سے جنگ کر رہے ہیں۔ اس کے دین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔[1] یہ جواب خالد رضی اللہ عنہ کے ایمان کی عظمت اور اللہ پر کامل اعتماد پر دلالت کرتا ہے۔ اللہ پر ایمان اور دین کے لیے اللہ کی نصرت و تائید پر مطلق اعتماد یہی دو چیزیں تھیں جنہوں نے خالد رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں جنگی جوہر کے خزانے اور قائدانہ مہارت کے فنون برپا کیے۔ آپ نے معرکہ بزاخہ میں دو تلواروں سے قتال کیا یہاں تک کہ دونوں ٹوٹ گئیں۔ آپ کا دل ایمان سے لبریز تھا، اللہ پر کامل اعتماد تھا، جس کی وجہ سے اپنے آپ کو قوی محسوس کرتے تھے، دل دشمن کی ہیبت سے خالی تھا اور دشمن کے دل میں آپ کی ہیبت سمائی ہوئی تھی۔ یہ فتح ونصرت کے حصول اور دشمن کو شکست فاش دینے کی ابتدائی راہ ہے۔[2] (ب) معرکہ سے قبل نفسیاتی جنگ چھیڑنا: خالد رضی اللہ عنہ نے قتال سے قبل نفسیاتی جنگ چھیڑنے کا منصوبہ بنایا۔ چنانچہ زیاد بن لبید رضی اللہ عنہ کو یمامہ کے سردار محکم بن طفیل کے پاس روانہ کیا جو ان کا دوست رہ چکا تھا تاکہ اس کو اپنی طرف مائل کرسکیں۔ خالد رضی اللہ عنہ نے زیاد رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اگر تم محکم کو کوئی ایسی چیز روانہ کرو جس سے اس کو توڑ سکو تو بہتر ہے، زیاد رضی اللہ عنہ نے اس کو شعر کے چند ابیات لکھے: ویل الیمامۃ ویلا لا فراق لہ إن جالت الخَیلُ فیہا بالقنا الصادی
Flag Counter