صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے بعض اہم اوصاف اور چند فضائل سیّدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی شخصیت قائدانہ شخصیت تھی۔ آپ قائد ربانی کے اوصاف سے متصف تھے۔ ہم اجمال کے ساتھ ان اوصاف کو بیان کریں گے اور بعض امور کو تفصیل سے پیش کریں گے۔ آپ کے اہم ترین اوصاف یہ ہیں: سلامتی عقیدہ، علم شرعی، اللہ پر اعتماد، قدوہ، صداقت، کفاء ت، شجاعت، مروت، زہد، حب ایثار و قربانی، معاونین کا صحیح انتخاب، تواضع، قبول ایثار وقربانی، حلم وبردباری، صبر واستقامت، علو ہمت، عزم وحوصلہ، قوی ارادہ، عدل و انصاف، حل مشکلات کی قدرت، قائدین کی تربیت و تعلیم کی قدرت وغیرہ جیسے اوصاف حمیدہ، آپ کی سیرت کے مختلف مراحل؛ صحبت نبوی کا مکی دور، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزوات کا مدنی دور، آپ کی معاشرتی زندگی اور عہد خلافت کا مطالعہ کرنے والے پر آشکارا ہوتے ہیں۔ اللہ کی توفیق سے اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو جو قائدانہ اوصاف سے نوازا ان کے سبب آپ نے اسلامی سلطنت کی حفاظت فرمائی اور ارتداد کی تحریک کو کچل دیا اور اللہ کے فضل و توفیق سے امت اسلامیہ کو اس کے متعین اہداف ومقاصد تک پہنچایا۔ آپ کے اہم اوصاف جس پر میں یہاں روشنی ڈالنا چاہتا ہوں وہ یہ ہیں: ایمان باللہ، علم راسخ، کثرت دعا و تضرع۔ ۱۔ آپ کے ایمان کی عظمت: صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو اللہ رب العالمین پر بڑا گہرا ایمان تھا۔ آپ نے ایمان کی حقیقت کو اچھی طرح سمجھ لیا تھا اور کلمہ توحید آپ کے قلب وجان میں پیوست ہو چکا تھا اور اس کے آثار آپ کے اعضاء وجوارح میں نمایاں تھے اور پوری زندگی اس پر قائم رہے، اخلاق عالیہ کو اختیار کیا اور اخلاق رذیلہ سے اجتناب کیا، اللہ کی شریعت کو تھامے رہے اور طریقہ نبوی کی اقتداء کی۔ ایمان باللہ آپ کو حرکت وہمت، نشاط وسعی، جہد ومجاہدہ، جہاد و تربیت اور رتبہ کی بلندی وعزت پر ابھارتا رہا۔ آپ کے دل میں ایمان ویقین اس قدر تھا کہ صحابہ کرام میں سے کوئی بھی آپ کا ہم پلہ نہ تھا۔ ابوبکر بن عیاش رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ابوبکر رضی اللہ عنہ صحابہ کرام پر صوم وصلوٰۃ کی کثرت کی وجہ سے سبقت نہیں لے گئے، بلکہ ایمان کی وجہ سے سبقت لے گئے، جو آپ کے دل میں پیوست ہو چکا تھا۔[1] اسی لیے کہا گیا کہ اگر ابو بکر کا ایمان تمام روئے زمین کے لوگوں کے ایمان سے تولا جائے تو ابوبکر کا ایمان وزنی ہوگا جیسا کہ سنن میں ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم میں سے کسی نے خواب دیکھا ہے؟ |
Book Name | سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | شمیم احمد خلییل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 512 |
Introduction |