(۵) حروب ارتداد کے اہم دروس وعبر اور فوائد غلبہ وتمکین کی شروط واسباب اور شریعت الٰہی کے نفاذ کے آثار، مجاہدین کے اوصاف: غلبہ وتمکین کي شروط:… اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان سے استخلاف فی الارض، اللہ کے دین کے لیے غلبہ وتمکین اور خوف کو امن میں تبدیل کرنے کا وعدہ فرمایا ہے بشرطیکہ مسلمان اس کی شرائط کو پورا کریں۔ قرآن پاک نے ان شرائط کی طرف واضح طور پر اشارہ فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَعَدَ اللَّـهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُمْ فِي الْأَرْضِ كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمْ دِينَهُمُ الَّذِي ارْتَضَىٰ لَهُمْ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّن بَعْدِ خَوْفِهِمْ أَمْنًا ۚ يَعْبُدُونَنِي لَا يُشْرِكُونَ بِي شَيْئًا ۚ وَمَن كَفَرَ بَعْدَ ذَٰلِكَ فَأُولَـٰئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ ﴿٥٥﴾ وَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَآتُوا الزَّكَاةَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ (النور: ۵۵۔۵۶) ’’تم میں سے ان لوگوں سے جو ایمان لائے ہیں اور نیک اعمال کیے ہیں، اللہ تعالیٰ وعدہ فرما چکا ہے کہ انہیں ضرور زمین میں خلیفہ بنائے گا، جیسا کہ ان لوگوں کو خلیفہ بنایا تھا جو ان سے پہلے تھے اور یقینا ان کے لیے ان کے اس دین کو مضبوطی کے ساتھ محکم کر کے جما دے گا، جسے ان کے لیے وہ پسند فرما چکا ہے اور ان کے اس خوف وخطر کو وہ امن وامان سے بدل دے گا، وہ میری عبادت کریں گے، میرے ساتھ کسی کو بھی شریک نہ ٹھہرائیں گے۔ اس کے بعد بھی جو لوگ ناشکری اور کفر کریں وہ یقینا فاسق ہیں۔ نماز کی پابندی کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور اللہ کے رسول کی فرمانبرداری میں لگے رہو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔‘‘ ان آیات کریمہ کے اندر غلبہ وتمکین کی شروط کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ وہ شرائط یہ ہیں: ایمان اپنے تمام ارکان ومعانی کے ساتھ۔ اعمال صالحہ کی بجا آوری تمام انواع واقسام کے ساتھ۔ نیکی اور بھلائی کی تمام قسموں کی بجا آوری کا شوق واہتمام۔ اللہ کی کامل عبودیت کو قائم رکھنا۔ |
Book Name | سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | شمیم احمد خلییل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 512 |
Introduction |