Maktaba Wahhabi

450 - 512
تھے اور فوج کی تنظیم میں کرادیس [1] کا اسلوب اختیار کیا تھا اور روم کی شام میں دو افواج تھیں، ایک فلسطین میں اور دوسری انطاکیہ میں، اور ان دونوں افواج نے درج ذیل طریقہ سے چھ مقامات پر اپنے مراکز بنا رکھے تھے: انطاکیہ:… رومی سلطنت کے دَور میں یہ شام کا دارالسلطنت تھا۔ قنِّسرین:… حماۃ اور حلب کے درمیان حلب کے جنوب مغرب میں پچّیس کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ یہ شام کی سرحد ہے جو شمال مغرب میں فارس کے مقابل پڑتی ہے۔ حمص:… اس کا عسکری نفوذ تدمر اور صحرائے شام تک پھیلا تھا، یہ شام کی سرحد ہے جو شمال مشرق میں فارس کے مقابل پڑتی ہے۔ عمان:… بلقاء کا صدر مقام، یہاں مضبوط ومحفوظ قلعہ تھا۔ أجنادین:… یہ فلسطین کے جنوب میں روم کا عسکری مرکز تھا جو بلاد عرب کی مشرقی اور مغربی سرحدوں اور حدود مصر سے ملتا تھا۔ قیساریہ:…یہ فلسطین کے شمال میں حیفا سے تیرہ کلو میٹر پر واقع ہے اور اس کے کھنڈر ابھی تک باقی ہیں۔ رومی ہائی کمان کا مرکز (ہیڈ آفس) انطاکیہ یا حمص تھا۔ جب ہرقل نے اسلامی افواج کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھا تو اس نے اپنی فوج کو حکم صادر کیا کہ اسلامی فوج کو تباہ کر دو اور اسلامی افواج سے مقابلہ کی منصوبہ بندی مندرجہ ذیل طریقہ سے کی گئی: رومی افواج مسلمانوں کے سامنے سے پیچھے ہٹ جائیں اور شامی اور حجازی سرحدیں ان کے لیے چھوڑ دیں۔ پہلی فوج کے دستے فلسطین میں سرجون کی قیادت میں جمع ہو جائیں۔ دوسری فوج کے دستے انطاکیہ میں تھیوڈور کی قیادت میں جمع ہو جائیں۔ دونوں افواج ایک ساتھ حرکت میں آئیں اور یکے بعد دیگرے اسلامی فوج کے چاروں قائدین پر حملہ کریں، اس طرح اسلامی فوج کو ایک ایک کر کے صفایا کرنے میں آسانی ہو گی۔ اس منصوبہ کے تحت جسے ہرقل نے وضع کیا تھا رومی افواج مندرجہ ذیل ترتیب سے حرکت میں آئیں: [2] ہرقل نے اپنے بھائی تذارق کو نوے ہزار فوج کے ساتھ عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کی طرف روانہ کیا۔ ابن توذر کو یزید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما کی طرف۔ قبقار بن ننطوس کو ساٹھ ہزار فوج کے ساتھ ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ کی طرف۔
Flag Counter