Maktaba Wahhabi

76 - 441
۷۔ قضا و قدر کو یاد کرنا :… جب بندۂ مسلم کو یہ یقین ہو جائے کہ مجھ پر جو بھی مصیبتیں آئیں یہ میرے مقدر میں تھیں اور اللہ نے میرے مقدر میں جو کچھ لکھ دیا وہ بہرصورت ہو کر ہی رہنا تھا اور اس سے بچ پانا ممکن نہیں تھا اور یہ کہ ان مصائب میں بھی اللہ تعالیٰ کی کوئی حکمت ہے، جب انسان ان امور کو یاد کرے گا تو پھر اس کے لیے یہ مصیبتیں ہلکی ہو جائیں گی۔[1] ارشاد باری ہے: ﴿مَا اَصَابَ مِنْ مُّصِیبَۃٍ فِی الْاَرْضِ وَلَا فِیْ اَنْفُسِکُمْ اِِلَّا فِیْ کِتَابٍ مِّنْ قَبْلِ اَنْ نَّبْرَاَہَا اِِنَّ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیْرٌo لِکَیْلَا تَاْسَوْا عَلٰی مَا فَاتَکُمْ وَلَا تَفْرَحُوْا بِمَا آتَاکُمْ وَاللّٰہُ لَا یُحِبُّ کُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍo﴾ (الحدید: ۲۲-۲۳) ’’زمین میں کوئی مصیبت نہیں آتی اور نہ (خاص) تمہاری جانوں میں مگر اس سے پہلے کہ ہم اسے پیدا کریں وہ ایک خاص کتاب میں لکھی ہوئی ہے، تاکہ تم اپنے سے فوت شدہ کسی چیز پر رنجیدہ نہ ہو جایا کرو اور نہ عطا کردہ چیز پر اِترا جاؤ ، اور اللہ تعالیٰ اِترانے والے اور فخر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘ ۸۔ عاشورۂ محرم کے دن کی بدعات کے بارے میں ابن تیمیہ اور ابن کثیر رحمہما اللہ کی رائے: الف: ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں : شیطان نے قتل حسین رضی اللہ عنہ کی وجہ سے دو بدعتیں جاری کرا دیں ، ایک عاشورۂ محرم کے دن غم و حزن اور آہ و بکا کی بدعت، مثلاً طمانچے مارنا، رونا دھونا، چیخنا چلانا، مرثیے پڑھنا اور پھر سلف صالحین کو سب و شتم کرنا، انہیں لعن طعن کرنا اور بے گناہوں کو گناہ گاروں میں شامل کرنا، یہاں تک کہ السابقون الاوّلون کو گالی گلوچ کرنا۔ اس دن ان کی شہادت کے حوالے سے ایسے واقعات پڑھے اور سنائے جاتے ہیں جن میں سے زیادہ تر جھوٹے اور خود وضع کردہ ہوتے ہیں ۔ ان باتوں کو جس نے بھی رواج دیا اس کے پیش نظر امت محمدیہ میں فتنہ کھڑا کرنا اور تفرقہ بازی کا دروازہ کھولنا تھا۔ اس لیے کہ اس قسم کے امور نہ تو فرض ہیں اور نہ واجب اور اس پر اہل اسلام کا اتفاق ہے۔ بلکہ گزشتہ مصائب پر نوحہ کرنا ایسا عمل ہے جسے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہے۔[2] اگر مصیبت تازہ ہو تو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر صبر کرنے، صبر پر ثواب حاصل کرنے اور ’’انا للّٰہ‘‘ پڑھنے کا حکم دیا ہے، اگر تازہ مصیبت کے بارے میں شریعت کا حکم ہے تو پھر عرصہ دراز پہلے آنے والی مصیبت کے بارے اس کا کیا حکم ہو گا؟
Flag Counter