امہات المؤمنین کے سلسلے میں چند عام معلومات
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام بیویوں کا انتقال آپ کی وفات کے بعد ہوا، صرف حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اور حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہا کا انتقال آپ کی حیات میں ہوا۔
سب امہات المؤمنین کی تدفین جنت البقیع میں ہوئی، صرف حضرت خدیجہ کی تدفین مکہ میں حجون کے مقام پر ہوئی اور حضرت میمونہ کی تدفین مقامِ تنعیم سے قریب مقامِ سرف میں ہوئی، جہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ شبِ زفاف گزاری تھی۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دس بیویاں باپ کی طرف سے آپ کے ساتھ نسب میں ملتی ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں : ام حبیبہ، خدیجہ، ام سلمہ، عائشہ، حفصہ، سودہ، زینب بنت جحش، جویریہ، زینب بنت خزیمہ اور میمونہ، صرف زینب بنت جحش کا نسب ماں اور باپ دونوں واسطوں سے آپ کے ساتھ ملتا ہے، کیونکہ ان کی ماں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی امیہ بنت عبد المطلب ہیں ، اور والد کی طرف سے نسب خزیمہ بن مدرکہ بن الیاس سے جا کر ملتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے میمونہ، جویریہ اور زینب بنت جحش کا نام خود رکھا، جب کہ ان میں سے ہر ایک کا نام برہ تھا۔
آپ کے ساتھ شادی سے پہلے زینب بنت خزیمہ، صفیہ، میمونہ اور خدیجہ رضی اللہ عنہن کی دو دو شادیاں ہو چکی تھیں ، ازواج مطہرات میں میں سے صرف حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا باکرہ تھیں ۔
|