Maktaba Wahhabi

397 - 441
ازواج مطہرت کے خصوصی فضائل (۱)… خدیجہ بنت خویلد بن اسد بن عبدالعزی بن قصی، ’’قصی‘‘ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جد امجد ہیں ، امہات المومنین میں سے حضرت خدیجہ اپنے والد کی طر ف سے آپ کے ساتھ نسب میں دوسری سب ازواج سے زیادہ قریبی رشتہ دار ہیں ، قصی کی اولاد میں سے آپ نے ان کے علاوہ صرف ام حبیبہ بنت ابو سفیان کے ساتھ شادی کی ہے۔ [1] حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا شمار نسب کے اعتبار سے قریش کے متوسط خاندان میں ہوتا ہے، آپ بڑی با عزت اور مالدار عورت تھیں ، جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر پچیس سال کی تھی تو آپ کی شادی حضرت خدیجہ کے ساتھ ہوئی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے ان کی شادی ہالہ بن نباش بن زرارہ تمیمی کے ساتھ ہوئی تھی، جن کے انتقال کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شادی کی۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ پر ایمان لے آئیں اور دعوتی کاموں میں آپ کا تعاون کیا، یہی وجہ تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام عورتوں پر ان کو فضیلت دیتے تھے، [2] سوائے ابراہیم کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام اولاد ان ہی کے بطن سے ہوئی، ابراہیم حضرت ماریہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے ہوئے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی موجودگی میں دوسری شادی نہیں کی، جب ہجرت سے تین سال پہلے ان کا انتقال ہو گیا تو دوسری شادی کی۔ حضرت خدیجہ کے جلیل القدر فضائل اور عظیم مناقب ہیں ، جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں : ۱۔ آپ کا شمار سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں ہوتا ہے: وہ اللہ کی وحی پر سب سے پہلے ایمان لے آئیں ، ان کو اس کا بھی اجر ملے گا اور ان کے بعد ایمان لانے والے ہر شخص کا اجر بھی ملے گا۔ [3]
Flag Counter