Maktaba Wahhabi

345 - 523
آج کا مسلمان: لوگو! آج کے کسی مسلمان کی موجودہ حالت دیکھ کر پوری اسلامی تہذیب کے بارے میں اپنا فیصلہ صادر کر دینا صحیح نہیں ہے، بلکہ فیصلہ کرنے کے لیے اس تہذیب کے اصول و مبادیات اور قواعد و ضوابط کو پیشِ نظر رکھنا از حد ضروری ہے، اسی طرح صرف آج کے مسلمان کی حالت ہی نہیں بلکہ ان مسلمانوں کے حالات کو بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے جو ان اصول و ضوابط پر عمل پیرا ہوئے، جنھوں نے ہدایت کی پیروی کی اور پوری کائنات کے سرتاج صلی اللہ علیہ وسلم کے نہج کو اپنایا، اس تہذیبِ اسلامی کو پروان چڑھایا اور اس کی برکات سے پوری دنیا کو مالا مال کر دیا۔ البتہ وہ سنہری دور گزر جانے کے بعد آج مسلمان جس رجعتِ قہقریٰ، پسماندگی ا ور ذلت و تنزلی میں مبتلا ہیں ہر صاحبِ بصیرت اور اہلِ دانش وبینش سمجھ سکتا ہے کہ اس کی ذمہ داری اسلام اور اس کی تہذیب پر ہر گز عائد نہیں ہوتی بلکہ یہ تو اسلام کو پسِ پشت ڈال کر دوسرے نظاموں کو اپنانے، اپنے ہی ہاتھوں اپنے تشخص کو ختم کرنے یا اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارنے اور اعلیٰ کو ادنیٰ کے ساتھ بدلنے کا نتیجہ ہے، اس سب کچھ کی ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے جنھوں نے اپنے رب کے ذکر سے منہ موڑ لیا اور اپنی زندگی کو اجیرن کر لیا، وہ خود افراط و تفریط میں مبتلا ہوئے اور اپنی زندگی کو جہنم بنالیا۔ نہ اللہ کسی پر ظلم کرتا ہے اور نہ اسلامی تعلیمات یا تہذیبِ اسلامی میں کوئی عیب ہے۔
Flag Counter