Maktaba Wahhabi

118 - 523
چوتھا خطبہ انفاق فی سبیل اﷲ کی فضیلت امام و خطیب: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر اُسامہ خیاط حفظہ اللہ خطبۂ مسنونہ اور حمد و ثنا کے بعد: اﷲ کے بندو! اﷲ تعالیٰ سے ڈرو، اﷲ تعالیٰ سے ڈرنے والے دارالعزت (جنت) میں عظیم الشان بادشاہ کے ہاں بلند ترین اور اعلیٰ درجات پر فائز ہوں گے۔ جسے وہاں اس جنت میں گھنے درختوں کے سائے تلے جگہ مل گئی وہ ہمیشہ ہمیشہ کی نعمتوں سے بہرہ ور اور سرفراز ہوگا۔ اﷲ کا وعدہ سچا ہے: اے اہل اسلام! وہ سچا اور برحق وعدہ جو ہر قیمت پورا ہو کر رہے گا وہ رحمن کا وعدہ ہے، جسے حق جل شانہ نے اپنے کلام محکم اور سچی ترین کتاب میں اس طرح بیان فرمایا ہے: { اَلَآ اِنَّ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اَلَآ اِنَّ وَعْدَ اللّٰہِ حَقٌّ وَّ لٰکِنَّ اَکْثَرَھُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ} [یونس: ۵۵] ’’سن لو! آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اﷲ ہی کا ہے۔ سن لو! بے شک اﷲ کا وعدہ سچا ہے اور لیکن ان کے اکثر نہیں جانتے۔‘‘ نیز فرمایا: {یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ اِنَّ وَعْدَ اللّٰہِ حَقٌّ فَلَا تَغُرَّنَّکُمُ الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا وَ لَا یَغُرَّنَّکُمْ بِاللّٰہِ الْغَرُوْرُ} [الفاطر: ۵] ’’اے لوگو! یقینا اﷲ کا وعدہ سچا ہے تو کہیں دنیا کی زندگی تمھیں دھوکے میں نہ ڈال دے اور کہیں وہ دھوکے باز تمھیں اﷲ کے بارے میں دھوکا نہ دے جائے۔‘‘ ایک وعدہ اﷲ تعالیٰ نے اپنے ان بندوں سے کیا ہے جو اپنے اموال نیکی کی راہوں میں خرچ کرتے ہیں کہ وہ ان کا خاتمہ بالخیر کرے گا اور انھیں اس مال کا، جو وہ اﷲ کے دیے ہوئے مال سے سخاوت اور فیاضی کے ساتھ خرچ کرتے ہیں، پورا پورا بدلہ دے گا اور اپنے فضل و احسان، جود و سخا اور کرم و عنایت سے اس کا نعم البدل بھی عطا کرے گا۔
Flag Counter