Maktaba Wahhabi

543 - 523
تیسرا خطبہ حقیقی بندگی امام و خطیب: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن حمید حفظہ اللہ خطبۂ مسنونہ اور حمد و ثنا کے بعد: لوگو! تمھارا رب خوب جانتا ہے جو تمھارے دلوں میں ہے لہٰذا اس سے چوکنا رہو، تمھارا کوئی بھی معاملہ اس سے مخفی نہیں اس لیے اس کی نگرانی کا خیال دل میں رکھ کر اس سے اس طرح ڈرو کہ اس کا اثر تمھارے تمام جسم پر ہو، اس نے اپنے اسما اور صفات کے ساتھ تمھیں اپنا تعارف کروایا ہے اور اپنی نعمتوں اور نوازشوں کے ذریعے تمھیں اپنا پیارا بنایا ہے، وہ پرہیزگاروں سے محبت رکھتا ہے اس لیے تقویٰ کی طرف بڑھ چڑھ کر آؤ، وہ نیکی کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے لہٰذا اچھے اعمال کرو، وہ صبر کرنے والوں کو محبوب رکھتا ہے اس لیے صبر کرو، وہ توکل کرنے والوں کو اچھائی کی نگاہ سے دیکھتا ہے لہٰذا اگر تم مومن ہوتو اسی پر توکل کرو۔ وہ پاک ہے۔ جو اس کی حمد کے ذریعے اس سے ہدایت طلب کرے تو وہ اسے ہدایت نصیب فرماتا ہے اور جو اس پر اعتماد کرے وہی اس کو کافی ہوتا ہے۔ بندگی اصل الاصول: مسلمانو! یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو تمام بنی آدم کا مسئلہ ہے، یہ ایک ایسا رکن ہے جو تمام مکلفین (شرعی احکام کے پابند لوگوں) کے ارکان کی بنیاد ہے بلکہ یہ ایسی چیز ہے جو انسانی زندگی کے تصرفات، احساسات اور تعلقات میں سب سے بڑھ کر اثر انداز ہونے والی چیز ہے، یہی نہیں بلکہ یہ انسان کی کھانے پینے کی ضروریات سے بھی زیادہ سخت ضرورت ہے۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جو اس کائنات کے اس طرح منظم انداز میں چلنے کو برقرار رکھنے والی اور اس کی ہر چیز کو اس کے مخصوص مدار میں کنٹرول کرنے والی ہے۔ اس میں اگر کوئی خلل واقع ہوجائے تو نظام زندگی درہم برہم ہوجائے، اگر اس میں کوئی درست راہ سے ہٹ جائے تو تمام کی تمام انسانیت اندھے پن، انحطاط اور فساد کے گڑھوں اور غاروں میں گم گشتہ راہ ہوجائے۔ یہ مسئلہ اللہ واحد و قہار کی بندگی کا اہم مسئلہ ہے۔ وہ اللہ تعالیٰ جو پاک ہے، قابل تعریف ہے، اس کا نام بڑا بابرکت ہے، اس کی بزرگی بہت بلند ہے، اور اس کے سوا کوئی بھی سچا عبادت کے لائق نہیں۔
Flag Counter