Maktaba Wahhabi

109 - 523
تیسرا خطبه یومِ جمعہ کی فضیلت امام و خطیب: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عمر بن محمد السبیل رحمہ اللہ خطبۂ مسنونہ اور حمد و ثنا کے بعد: اللہ کے بندو! اللہ تعالیٰ سے اس طرح ڈرو جس طرح ڈرنے کا حق ہے۔ اسی کے ذریعے گمراہی سے بچاؤ اور بے راہ روی سے سلامتی ممکن ہے، اور قیامت کے دن کامیابی اور نجات پانے کی یہی راہ ہے۔ اس کی فرمانبرداری اور خوشنودی کو لازمی طور پر اختیار کرو، اور یہ بات بھی یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی بعض مخلوقات کو منتخب فرما کر ان کی عزت افزائی کے لیے ان کو دوسروں پر فضیلت عنایت فرمائی ہے۔ ارشاد فرمایا: { وَ رَبُّکَ یَخْلُقُ مَا یَشَآئُ وَ یَخْتَارُ } [القصص: ۶۸] ’’اور تیرا رب پیدا کرتا ہے جو چاہتا ہے اور چن لیتا ہے۔‘‘ جمعہ کے دن کی فضیلت: اﷲ تعالیٰ نے اپنی جن مخلوقات کو فضیلت سے نوازا ہے ان میں بعض ایام بھی شامل ہیں، اس نے ان بعض دنوں کو دیگر ایام پر فوقیت دی ہے، اپنا فضل اور انعام کرنے کے لیے انھیں نیکیوں کا موسم اور اپنے اولیا اور اصفیا کے لیے بازار جنت بنایا ہے۔ وہ ان ایام کو موقع غنیمت جانتے ہوئے ایسے اعمال کرتے ہیں جو انھیں اللہ کی رحمت اور خوشنودی کے قریب کردیں گے۔ یاد رہے روزجمعہ اللہ تعالیٰ کے ہاں قدرو منزلت اور فضیلت و عزت کے اعتبار سے تمام دنوں سے بڑھ کر ہے، اللہ تعالیٰ نے اس دن کو منتخب فرماکر اور اسے دیگر ایام اور اوقات پر فوقیت عنایت کر کے امت اسلامیہ کے ساتھ اسے مخصوص کردیا ہے۔ یہود و نصاریٰ اس سے گمراہ ہوگئے، اللہ تعالیٰ نے امت اسلامیہ کو عزت و تکریم دینے کے لیے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت سے اس کی راہ سمجھائی اور امت نے اپنے نبی کی رسالت کی برکت سے ہر بھلائی اور فضیلت حاصل کر لی۔ امام مسلم نے اپنی صحیح میں روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( أضل اللّٰه عن الجمعۃ من کان قبلنا، فکان للیھود یوم السبت، وکان للنصاریٰ یوم الأحد، فجاء اللّٰه بنا فھدانا لیوم الجمعۃ )) [1]
Flag Counter