Maktaba Wahhabi

528 - 523
خطبات ماہ ذوالہجہ پہلا خطبہ حجِ بیت اﷲ کے فوائد و ثمرات امام و خطیب: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر اُسامہ خیاط حفظہ اللہ خطبۂ مسنونہ اور حمد و ثنا کے بعد: شرفِ زمان و مکان: اللہ کے بندو! اللہ تعالی کا تقوی اختیار کرو۔ آپ لوگ آج کل ایسے ملک اور ایسے وقت میں موجود ہیں کہ جہاں شرف زمان و شرف مکان دونوں ہی جمع ہو گئے ہیں، ان دونوں شرفوں کو غنیمت سمجھتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھاؤ،فلاح پاؤ گے۔ مقدس ترین عا لمی سالانہ اجتماع: مسلمانو! اجتماعات اور کانفرنسز چاہے کتنی بھی ہوں اور ان کے اغراض و مقاصد اور اہداف چاہے کتنے ہی بلند کیوں نہ ہوں ان میں سے کوئی بھی اس سالانہ عالمی اجتماع حج سے مقابلہ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ اجتماع تمام اغراض و مقاصد،امیدوں اور آلام و مصائب کے حل کو شامل ہوتا ہے،یہ اﷲ کے امن والے، انتہائی مقدس شہر اور مقام نزول رحمت میں موجود بیت اﷲ کے حج کا ا جتماع ہے، وہ شہر جسے اللہ تعالی نے حرمت والا بنایا، اس کا تحفظ فرمایا اور اس پر امن عامہ کی چادر ڈال رکھی ہے، جو انسان تو کیا حیوانات اور نباتات کو بھی شامل ہے۔ اﷲ تعالی نے اس شہر میں سکون و اطمینان اور امن و سلامتی عام کر رکھی ہے تاکہ اقامتِ شعائر میں کسی قسم کی کوئی د قت پیش نہ آئے۔ چنانچہ ارشاد الٰہی ہے: { اِنَّ اَوَّلَ بَیْتٍ وُّضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِیْ بِبَکَّۃَ مُبٰرَکًاوَّ ھُدًی لِّلْعٰلَمِیْنَ ، فِیْہِ اٰیٰتٌم بَیِّنٰتٌ مَّقَامُ اِبْرٰھِیْمَ وَ مَنْ دَخَلَہٗ کَانَ اٰمِنًا وَ لِلّٰہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْہِ سَبِیْلًا وَ مَنْ کَفَرَ فَاِنَّ اللّٰہَ غَنِیٌّ عَنِ الْعٰلَمِیْنَ} [آل عمران: ۹۶، ۹۷] ’’اﷲ تعالی کا پہلا گھر جو لوگوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے وہی ہے جو مکہ شریف میں ہے جو تمام دنیا کے لیے برکت و ہدایت والا ہے،جس میں کھلی کھلی نشانیاں ہیں،مقام ابراہیم ہے،اس میں جو آ جائے وہ امن والا ہو جاتا ہے، اﷲ تعالی نے ان لوگوں پر جو اس کی طرف راہ پا سکتے ہوں اس گھر کا حج فرض کیا ہے۔‘‘
Flag Counter