Maktaba Wahhabi

183 - 523
اﷲ کے بندو! تم دنیا میں ان مسلمان بھائیوں کے حالات سے عبرت کیوں حاصل نہیں کرتے کہ جن کے پاس جان بچانے کے لیے روٹی کا کوئی ٹکڑا ہے نہ ستر ڈھاپنے کے لیے کپڑے کاکوئی پارچہ؟ اللہ تعالیٰ کفرانِ نعمت سے اپنی پناہ میں رکھے، اور دعا ہے کہ وہ ہم میں سے بیوقوف انسانوں کی بد اعمالیوں کی سز ا ہمیں نہ دے۔ اﷲ کی قسم بعض اوقات یہ ڈر محسوس ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کہیں دنیا ہی میں ہمیں سزا نہ دے دے! یہاں میں آپ کی توجہ اس طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں کہ ہمیں چاہیے کہ زائد ازضرورت کھانے اور شادی بیاہ میں بچ جانے والی غذا کو ضائع کرنے کے بجائے خیراتی اداروں کو دے دیںتاکہ وہ اسے ضرورت مند مسلمانوں میں تقسیم کر دیں۔ اصحاب حل و عقد اپنی ذمے داری پہچانیں: اے متلاشیانِ رحمتِ باری تعالیٰ! اللہ تعالیٰ سے ڈر جاؤ، ایک دوسرے کی خیر خواہی کرو، شادی کے معاملات میں سمجھ داری سے کام لو، اور اپنے معاملات نااہل اور غیر ذمے دار لوگوں کے ہاتھوں میں نہ دو۔ یہاں تمام اصلاح پسند حضرات، معاشرے میں ممتاز افراد، علما، اغنیا اوراصحاب دانش بینش کی خدمت میں یہ استدعا کی جاتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں لوگوں کے لیے بہترین نمونہ چھوڑیں، کیونکہ لوگ عموماً ان کی نقل کرتے ہیں۔ اس معاشرتی مسئلے سے نپٹنے کے لیے میڈیا کے سر پر خصوصاً یہ بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں میں آگاہی پھیلانے اور ان کی صحیح ذہن سازی کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ یقینا اللہ تعالیٰ امت کا درد رکھنے والے مخلص کارکنان کی مدد فرماتے ہیں۔ شادی کے موقع پر غیر شرعی امور: سامعین کرام! لوگوں نے شادی کی تقریبات میں فضول خرچی، نمود ونمائش اور فخر ومباہات کے علاوہ بھی بہت سارے غیر شرعی اور ناجائز کام شروع کرلیے ہیں جس کا سبب ایمان میں کمزوری، علم میں کمی اورمادہ پرستی ہے۔کچھ لوگ تو شادی بیاہ کی تقریبات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انھیں مردوزن کے اختلاط کا باقاعدہ موسم قرار دیتے ہیں، جہاں میاں اور بیوی بن ٹھن کر لوگوں کے سامنے اظہار زینت کرتے ہیں، پھر ان کی ناجائز تصویریں بنائی جا تی ہیں جو سراسر فتنے اور فساد کا دروازہ ہے۔
Flag Counter