Maktaba Wahhabi

374 - 384
ناظرین غور کی نگاہوں سے نظر کریں، اور انصاف سے کہیں کہ مجدد کے کیا معنی ہیں۔ اور جن لوگوں کو پہلے علماء نے مجدد قرار دیا ہے۔ ان میں کیا اوصاف پائے جاتے ہیں؟ جن کے سبب وہ مجدد قرار پائے۔ اور وہ کسی گناہ یا خطا کے محل نہ تھے؟ پھر انصاف سے یہ بھی بتا دیں کہ جس شخص (نواب صاحب بھوپال) کا مجدد ہونا ہم نے بعض علماء سے نقل کیا ہے ان میں وہ اوصاف (کل یا جز) پائے نہیں جاتے؟ اور ان میں پہلے مجددوں کی نسبت زیادہ خطا یا گناہ موجود ہیں؟ جہاں تک وہ فکر کو جولانی دیں گے ان مجددین کے اوصاف وہ اس سے بڑھ کر نہ پاویں گے کہ ازاں جملہ مجددین خلفاء نے عدل و انصاف کیا۔ شعائرِ اسلام کو پھیلایا، ظلم و منکرات کو اٹھایا۔ اور مجددین علماء نے احکام شرعیہ و کتاب و سنت سے مستنبط فرمایا اور کتاب و سنت اور ان دونوں سے مستنبط احکام کو عالم میں بذریعہ تقریر و تحریر و تالیف شائع کیا۔ اور مع ذلک ان اوصاف کے مقابلہ میں وہ ان میں کچھ نقص و خطاء بھی پاویں گے جن سے کوئی بشر بعد انبیاء خالی نہیں ہے۔ یہی حال اِس شخص کا ہے جس کا مجدد ہونا ہم نے بعض علماء سے نقل کیا ہے۔ پھر ہم پر کیا اعتراض ہے ہم اس مقام میں بعض سابق مجددین کے حالات بطور تمثیل بیان کرتے ہیں۔ اور ان کے مقابلہ میں اس شخص کے حالات بھی معرض بیان میں لاتے ہیں۔ ناظرین و معترضین ان کے اور ان کے حالات میں مقابلہ و موازنہ کریں۔ پھر انصاف سے کہیں کہ وہ شخص ان حالات کے نظر سے سابق مجددین کی نسبت اس لفظ کے اطلاق کا زیادہ مستحق ہے یا نہیں۔
Flag Counter