بھوپال کی ثقافتی حیثیت:
الحمدللہ تعالیٰ کہ آج بھوپال ملک ہندوستان میں خطہ اسلام ہے اور اہل ایمان کا مسکن اور اہل توحید کا امن ہے۔ یہاں دین و ملت کے اتنے شعائر، مساجد و مدارس کی اتنی عمارتیں، مذاکرہ علوم شرعیہ اور اشاعتِ سُننِ نبویہ کا ایسا سلسلہ، اہل اسلام کی وضع ہئیت کا ایسا نمونہ ہے جو کسی دوسری جگہ موجود نہیں۔ اللہ تعالیٰ اس شہر کو اور اس کے باشندوں کو تمام آفات سے بچائے رکھے۔ اور تمام برے انجاموں اور مصائب سے محفوظ فرمائے۔ اس شہرِ پُر صَفا میں اتنی دینی کتابیں، شرعِ مبین کے اتنے صحائف، اسلامی علوم کے اتنے دیوان اور علومِ شرعیہ و نبویہ کے اتنے ذخیرے موجود ہیں کہ ہندوستان بھر کے دوسرے شہروں میں سے کسی ایک میں شاید ہی موجود ہوں۔ حالانکہ وہاں بھی اہل علم اور اہل ثروت لوگ موجود ہوں گے۔ بَلْدَةٌ طَيِّبَةٌ وَرَبٌّ غَفُورٌ
اور یہ تمام برکات اس مملکت کی والیہ عالیہ کی ہمت کا نتیجہ ہیں۔
بارك الله فيها ولها و عليها
اور جیسا کہ حاکمِ اسلام کا وجودِ باوجود رعایا کے درمیان یوں ہے جیسے جسم کے اندر دل ہوتا ہے۔ جب دل صحیح ہو تو تمام جسم صحیح ہوتا ہے اور دل خراب ہو تو تمام جسم بھی خراب ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس رئیسہ کریمہ کی توفیقِ خیر میں بلندی عطا فرمائے۔ اور اس کی باقیاتِ صالحات کو عمرِ طویل مرحمت فرمائے۔ نیز مساجد و مدارس اور علمائے مملکت پر اپنی عنایات نازل فرمائے۔ اللھم آمین
|