Maktaba Wahhabi

386 - 441
فضائل امہات المؤمنین (تذکرۂ عنبر یں ) الحمدللّٰہ والصلاۃ والسلام علی خاتم رسل اللّٰہ وأہلہ وصحبہ ومن والاہ إلی یوم الدین وبعد! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کے لیے مقرر کردہ محبت اور ولایت کے حقوق کے مطابق اہل سنت والجماعت کے نزدیک احترام اور قدر دانی حاصل ہے، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے امتیوں کو یہ وصیت کی ہے: ’’میں اپنے گھر والوں کے سلسلے میں تم کو اللہ کی یاد دلاتا ہوں ۔‘‘ [1] اسی وجہ سے اہل سنت والجماعت ان غالی افراد سے براء ت کرتے ہیں جو بعض اہلِ بیت کے سلسلے میں افراط سے کام لیتے ہیں ، اور ان ناصبیوں سے بھی براء ت کا اظہار کرتے ہیں جو ان کو تکلیف دیتے ہیں اور ان سے نفرت کرتے ہیں ۔ عام طور پر تمام مسلمان اور خاص طور پر اہل سنت والجماعت عمومی طور پر پاکیزہ اہل بیت اور خصوصیت کے ساتھ امہات المومنین کے ساتھ محبت کرتے ہیں اور ان کو تکلیف دینے اور ان کی برائی کرنے کو حرام قرار دیتے ہیں ۔ مبرۃ الآل والأصحاب کو اس بات پر نہایت مسرت ہو رہی ہے کہ اپنی ابتدائی مطبوعات میں یہ کتاب پیش کر رہی ہے، تاکہ پاکیزہ اہل بیت اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے منتخب کردہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی وراثت کی نشرو اشاعت، مسلمانوں کے دلوں میں ان کی محبت کو راسخ اور پیوست کرنے اور بعض مسلمانوں میں ان حضرات سے متعلقہ پھیلے ہوئے بعض تصورات کی اصلاح کے مقاصد کی تکمیل ہو۔ چند صفحات پر مشتمل اس کتاب میں امہات المومنین رضی اللہ عنہن کی عظمت کو بیان کیا گیا ہے، پھر قرآن کریم اور حدیث شریف سے ان کے فضائل ذکر کیے گئے ہیں ، امہات المومنین کی تعریف اور توصیف میں بہت سی آیات اور احادیث واد ہوئی ہیں ، جن سے ازواج مطہرات کا بلند مرتبہ اور اعلیٰ مقام معلوم ہوتا ہے۔ پھر اہلِ بیت کے ضمن میں ان کے فضائل کو عمومی طور پر بیان کیا گیا ہے، اسی طرح ان میں سے ہر ایک کے فضائل خصوصی طور پر بھی نقل کیے گئے ہیں ۔
Flag Counter