Maktaba Wahhabi

871 - 871
امام شعبی رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ عکرمہ رحمہ اللہ سے زیادہ کتاب اللہ کو جاننے والا کوئی شخص باقی نہیں رہا۔خود عکرمہ رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ یقینا میں نے قرآن مجید کی تفسیر کی ہے۔میں تمھیں قرآن کے بارے میں جو کچھ بھی بیان کرتا ہوں،وہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت ہے۔ اس طبقے کے رجال میں مندرجہ ذیل لوگ ہیں : حسن بصری،عطا بن ابی رباح،عطا بن ابی سلمہ خراسانی،محمد بن کعب قرظی،ابو العالیہ،ضحاک بن مزاحم،عطیہ عوفی،قتادہ،زید بن اسلم،مرہ الہمدانی،ابو مالک،ربیع بن انس اور عبدالرحمن بن زید بن اسلم رحمہ اللہ علیہم۔یہ سب قدیم مفسرین ہیں،ان کے اکثر اقوال صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے اخذ کردہ ہیں۔ ابو العالیہ رحمہ اللہ سے مراد رفیع ریاحی ہیں۔ریاح بنو تمیم کی ایک شاخ اور قبیلہ ہے۔انھوں نے ۹۰ھ؁ میں وفات پائی۔قرآن مجید کے اعراب اور نقطے،اس کے اَخماس و اَعشار اور مساجد میں فرش بوریا یہ سب ابو محمد حجاج بن یوسف ثقفی رحمہ اللہ کی ایجادات ہیں۔یہ بنو ثقیف قبیلے کی طرف منسوب ہونے کی بنا پر ثقفی کہلاتا ہے۔یہ خوارج کا مذہب رکھتا تھا اور ۹۵ھ؁ میں فوت ہوا۔ ضحاک،ہلالی ہیں،وہ بنو عبد مناف بن ہلال بن عامرہ کی طرف منسوب ہیں،وہ ۱۰۳؁ھ میں فوت ہوئے۔مقاتل بن سلیمان،ازدی مروزی ہیں،ان کی کنیت ابو الحسن ہے۔یہ مشہور مفسر ہیں۔امام شافعی رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ جو بھی تفسیر میں تبحر چاہتا ہے،اسے کہہ دو کہ مقاتل کا عیال بن جائے۔ان کی نسبت مروزی خراسان کے شہر مرو کی طرف ہے۔اس نسبت میں خلافِ قیاس زا کو زیادہ کیا گیا ہے۔یہ ۱۰۵ھ؁ میں وفات پا گئے۔قتادہ بن دعامہ،سدوسی ہیں،یہ اپنے دادا سدوس بن شیبان کی طرف نسبت کی وجہ سے سدوسی کہلاتے ہیں۔یہ مادر زاد اندھے تھے۔یہ ۱۱۷ھ؁ کو فوت ہوئے۔محمد بن کعب قرظی رحمہ اللہ جو معروف قبیلے بنو قریظہ کی طرف منسوب ہیں۔یہ لاوی بن یعقوب کی اولاد سے ہیں۔انھوں نے مدینے میں ۱۲۰ھ؁ کو وفات پائی۔ سدی،اسماعیل بن عبدالرحمن رحمہ اللہ یہ شعبہ اور سفیان ثوری رحمہما اللہ کے شاگرد ہیں۔یہ سدہ بہ معنی صفہ کی طرف منسوب ہیں۔چونکہ انھوں نے جامع کوفہ کے سدہ میں سکونت اختیار کی تھی،اس لیے سدی مشہور ہوئے۔یہ ۱۰۲۷ھ؁ میں فوت ہوئے۔علمِ تفسیر میں اپنے وقت کے امام تھے۔کلبی،ابو نصر محمد بن السائب رحمہ اللہ،کوفی ہیں۔یہ کلب بن دبرہ کی طرف منسوب ہیں،جو قضاعہ کا ایک قبیلہ ہے۔یہ سفیان ثوری اور محمد بن اسحاق رحمہما اللہ کے شاگرد ہیں۔انھوں نے ۱۰۴۶؁ھ میں وفات پائی۔
Flag Counter