Maktaba Wahhabi

431 - 871
سورت عبس: سب کے نزدیک مکی سورت ہے اور اس میں ایک آیت منسوخ ہے اور وہ ہے: ﴿فَمَنْ شَآئَ ذَکَرَہ﴾ [عبس: ۱۲] [تو جو چاہے اسے قبول کر لے] اس کی ناسخ آیتِ سیف ہے۔اس جیسی آیت کے بارے میں کلام پہلے گزر چکا ہے۔ سورۃالتکویر: بغیر اختلاف مکی سورت ہے،اس میں ایک آیت منسوخ ہے اور وہ ہے: ﴿لِمَنْ شَآئَ مِنْکُمْ اَنْ یَّسْتَقِیْم﴾ [التکویر: ۲۸] [اس کے لیے کہ جو تم میں سے چاہے کہ سیدھا چلے] اس کا ناسخ اﷲ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے: ﴿وَمَا تَشَآئُ وْنَ اِِلَّآ اَنْ یَّشَآئَ اللّٰہُ رَبُّ الْعٰلَمِیْن﴾ [التکویر: ۲۹] [اور تم نہیں چاہتے مگر یہ کہ اللہ چاہے،جو سب جہانوں کا رب ہے] جب کہ صحیح اس کا عدمِ نسخ ہے،کیونکہ اس کا معنی یہ ہے کہ سچائی اور ایمان و اطاعت پر استقامت کی تو فیق کی مشیت اﷲ سبحانہٗ کے دستِ اختیار میں ہے،تمھیں اس پر قدرت نہیں ہے،مگر اسی کی مشیت سے۔یہ اﷲ تعالیٰ کے ارشاد: ﴿وَ مَا کَانَ لِنَفْسٍ اَنْ تَمُوْتَ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰہ﴾ [آل عمران: ۱۴۵] [اور کسی جان کے لیے کبھی ممکن نہیں کہ اللہ کے حکم کے بغیر مر جائے] نیز اس کے ارشاد: ﴿وَ لَوْ اَنَّنَا نَزَّلْنَآ اِلَیْھِمُ الْمَلٰٓئِکَۃَ وَ کَلَّمَھُمُ الْمَوْتٰی وَ حَشَرْنَا عَلَیْھِمْ کُلَّ شَیْئٍ قُبُلًا مَّا کَانُوْا لِیُؤْمِنُوْٓا اِلَّآ اَنْ یَّشَآئَ اللّٰہ﴾ [الأنعام: ۱۱۱] [اور اگر واقعی ہم ان کی طرف فرشتے اتار دیتے اور ان سے مردے گفتگو کرتے اور ہم ہر چیز ان کے پاس سامنے لا جمع کرتے تو بھی وہ ایسے نہ تھے کہ ایمان لے آتے مگر یہ کہ اللہ چاہے] اور اس کے ارشاد: ﴿اِنَّکَ لَا تَھْدِیْ مَنْ اَحْبَبْتَ وَ لٰکِنَّ اللّٰہَ یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآء﴾ [القصص: ۵۶] [بے شک تو ہدایت نہیں دیتا جسے تو دوست رکھے اور لیکن اللہ ہدایت دیتا ہے جسے چاہتا ہے] کے مانند ہے اور اس معنی میں آیاتِ قرآنیہ بہت ہیں جو سب محکمات ہیں۔
Flag Counter