Maktaba Wahhabi

199 - 871
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم دیباچہ الحمد للّٰہ الذي نزل الفرقان علیٰ عبدہ لیکون للعالمین نذیرًا،والصلاۃ والسلام علیٰ خیرخلقہ محمد و علیٰ آلہ و صحبہ الذین اسفرت بھم وجوہ الموحدین وازدادت قلوبھم تنویرًا۔أما بعد: اس مختصر رسالے میں قرآن مجید کی ان پانچ سورتوں کا ضروری ترجمہ اور مختصر تفسیر لکھی جاتی ہے،جن کی نماز میں تلاوت کا اتفاق دن رات ہر مسلمان کو ہوا کرتا ہے۔ان پانچ سورتوں سے مراد فاتحۃ الکتاب (سورۃالفاتحہ) اور چہار قل (سورت کافرون،اخلاص،فلق اور ناس) ہیں۔ان پانچ سورتوں میں سے ہر ایک سورت خداوند مجید کی توحید کی دلیل ہے۔جس شخص نے ان سورتوں کے معانی سمجھ لیے،وہ پکا سچا مسلمان ہو گیا۔اب اس کی عبادت ٹھیک ہو گی اور وہ شرک سے بچ جائے گا۔توحید کے بیان اور شرک کے رد میں کتب مطولہ کے علاوہ فی الحال دس مختصر رسائل لکھے گئے ہیں۔[1] اس رسالے میں مذکورہ بالا پانچ سورتوں کے معانی کے بیان پر اقتصار و اختصار کیا گیاہے۔و خیر الکلام ما قل و دل۔[2] ان سورتوں کے معانی پر تفسیر’’ترجمان القرآن‘‘ اور’’فتح البیان‘‘ میں مکمل تفصیلی کلام ہے،جس میں تفصیلات کے شائقین کے لیے تمام مضامین کا استیفا کیا گیا ہے۔تفسیر کبیر میں صرف سورۃ الفاتحہ سے دس ہزار مسائل کا استخراج کیا گیا ہے۔[3] شیخ الاسلام ابن تیمیہ اور ان کے لائق فائق شاگرد علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے معوذتین کی مستقل تفسیر لکھی ہے۔لیکن ان علومِ غامضہ کا سمجھنا اہلِ علم کا کام ہے نہ کہ عوام الناس کا،جبکہ اس جگہ ہمارا مقصود عوام کو سمجھانا ہے۔و باللّٰہِ التوفیق
Flag Counter