Maktaba Wahhabi

407 - 871
نویں آیت: ﴿فَاِِنْ اَعْرَضُوْا فَمَآ اَرْسَلْنٰکَ عَلَیْھِمْ حَفِیْظًا اِِنْ عَلَیْکَ اِِلَّا الْبَلٰغُ﴾ [الشوریٰ: ۴۸] [پھر اگر وہ منہ پھیر لیں تو ہم نے تجھے ان پر کوئی نگران بنا کر نہیں بھیجا،تیرے ذمے پہنچا دینے کے سوا کچھ نہیں ] کہتے ہیں کہ یہ آیتِ سیف سے منسوخ ہے اور اس جیسی آیت کے بارے میں مکرر بات گزر چکی ہے۔ سورۃ الزخرف: امام قرطبی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ یہ سورت بالاجماع مکی ہے۔[1]اس میں دوحکم منسوخ ہیں۔ پہلا حکم: ﴿فَذَرْھُمْ یَخُوْضُوْا وَیَلْعَبُوْا حَتّٰی یُلٰقُوْا یَوْمَھُمُ الَّذِیْ یُوْعَدُوْنَ﴾ [الزخرف: ۸۳] [پس انھیں چھوڑ دے فضول بحث کرتے رہیں اور کھیلتے رہیں،یہاں تک کہ اپنے اس دن کو جا ملیں جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے] کہتے ہیں کہ آیتِ سیف سے منسوخ ہے اور یومِ موعود سے مقصود یوم قیامت ہے یا دنیوی عذاب۔یہ بھی کہتے ہیں کہ منسوخ نہیں ہے،بلکہ تہدید کے طور پر آئی ہے۔ دوسرا حکم: ﴿فَاصْفَحْ عَنْھُمْ وَقُلْ سَلٰمٌ فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَ﴾ [الزخرف: ۸۹] [پس ان سے درگزر کر اور کہہ سلام ہے،پس عن قریب وہ جان لیں گے] کہتے ہیں کہ یہ آیت،آیتِ سیف سے منسوخ ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ اﷲ کے ارشاد: ﴿وَ السَّلٰمُ عَلٰی مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰی﴾ [طٰہٰ: ۴۷] [اور سلام اس پر جو ہدایت کے پیچھے چلے] سے منسوخ ہے۔’’فتح القدیر‘‘ میں فرمایا ہے کہ محکم ہے،منسوخ نہیں اور اس میں اﷲ تعالیٰ کی سخت تہدید اور بڑی وعید ہے۔[2]
Flag Counter