Maktaba Wahhabi

747 - 871
باب الجیم جامع أحکام القرآن والمبین لما تضمنہ من السنۃ وآي الفرقان: یہ شیخ امام ابو عبداللہ محمد بن احمد بن ابو بکر بن فرج الانصاری الخزرجی القرطبی المالکی رحمہ اللہ (المتوفی: ۶۷۱ھ؁) کی تالیف ہے۔چند جلدوں میں یہ ضخیم کتاب’’تفسیر قرطبی‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔اس کا آغاز ان الفاظ کے ساتھ ہوتا ہے:’’الحمد للّٰہ المبتدیٔ بحمد نفسہ قبل أن یحمدہ حامد…الخ‘‘ اس تفسیر کو سراج الدین عمر بن علی بن الملقن الشافعی رحمہ اللہ (المتوفی: ۸۰۴ھ؁) نے مختصر لکھا ہے۔’’موضوعات العلوم‘‘ کے مولف ابو الخیر پر اس کی اصل ملتبس ہو گئی،چنانچہ اس نے اس کو محمد بن یوسف انصاری رحمہ اللہ (المتوفی: ۶۳۱؁ھ) کی طرف منسوب کر دیا۔ جامع الأسرار في التفسیر: یہ شیخ عبدالمحسن بن سلیمان الکورانی رحمہ اللہ کی تالیف ہے،جو اس صدی میں روضۂ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر مدرس ہیں۔اس کتاب کا آغاز ان الفاظ میں ہوتا ہے:’’الحمد للّٰہ الذي کان ولم یکن معہ شییٔ من الأکوان…الخ‘‘ مولف نے اس میں ذکر کیا ہے کہ یہ ظاہر و باطن کی ایک جامع تفسیر ہے،جو بعض بھائیوں کے مطالبے پر تحریر کی گئی ہے۔مولف نے سورۃ الاعراف تک لکھ کر یہ تفسیر سلطان مراد رابع کی خدمت میں ارسال کر دی۔ الجامع الأکبر والبحر الأزخر في القراء ات: یہ شیخ ابوالقاسم عیسیٰ بن عبدلعزیز اللخمی الاسکندری المقری رحمہ اللہ (المتوفی: ۶۲۹؁ھ) کی تالیف ہے۔یہ متقدمین کی کتابوں میں سب سے زیادہ مواد والی کتاب ہے۔یہ کتاب سات ہزار باسند روایات اور وجوہِ قراء ات پر مشتمل ہے۔یہ کتاب ماہِ رجب میں ان کے گھر واقع ثغر اسکندریہ میں ان پر پڑھی گئی۔ جامع الأنوار في التفسیر: یہ شیخ تاج الدین ابراہیم بن حمزہ الادرنوی رحمہ اللہ (المتوفی: ۹۷۰؁ھ) کی تالیف ہے۔وہ جامع نقطہ جی میں واعظ تھے۔
Flag Counter