Maktaba Wahhabi

43 - 871
بعض مشائخ کے عملیات و تجربات اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد و ثمرات کا بھی تذکرہ کیا ہے،جس کا سبب دراصل یہ ہے کہ زیرِ نظر کتاب کا ایک اہم ماخذ شیخ محمد حقی نازلی کی کتاب’’خزینۃ الأسرار‘‘ ہے،جس میں یہ امور تھے اور حضرت نواب صاحب رحمہ اللہ نے بھی انھیں بعینہٖ درج کر دیا۔اگرچہ مولف رحمہ اللہ نے بعض مقامات میں ان پر نقد و تبصرہ بھی کیا ہے،لیکن زیادہ تر انھیں یوں ہی ذکر کر دیا ہے۔ایسے بیشتر مقامات پر محدث العصر مولانا عطاء اﷲ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ نے نہایت مفید حواشی تحریر فرمائے تھے،جو متعلقہ مقامات پر حاشیے میں ان کے نام کی صراحت کے ساتھ درج کر دیے گئے ہیں۔ مولف رحمہ اللہ نے یہ رسالہ ۴ ربیع الاول ۱۳۰۵ھ کو چار دن کی مدت میں مکمل کیا تھا،جیسا کہ کتاب کے آخر میں اس کی صراحت موجود ہے۔یہ کتابچہ مولف رحمہ اللہ کی زندگی میں متعدد بار زیورِ طباعت سے آراستہ ہوا۔ہمیں اس کی اولین طباعت نہیں مل سکی،اس لیے ہم نے مکتبہ سلفیہ لاہور کے شوال ۱۴۰۴ھ (جولائی ۱۹۸۴ء) میں شائع کردہ اڈیشن کو سامنے رکھا ہے،جو کتابِ مذکور کے مطبع فاروقی دہلی ۱۳۱۴ھ (۱۸۹۶ء) کے طبع کردہ اڈیشن کو مد نظر رکھ کر شائع کیا گیا تھا۔حضرت مولانا عطاء اﷲ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ نے اپنی نگرانی میں اس کتاب کی اشاعت میں بعض مقامات پر حواشی بھی تحریر فرمائے تھے،جو اس طباعت میں علیٰ حالہا درج کیے گئے ہیں۔ تذکیر الکل بتفسیر الفاتحۃ وأربع قل: اس کتاب میں پانچ سورتوں : 1۔فاتحہ 2۔کافرون 3۔اخلاص 4۔فلق 5۔ناس کی تفسیر و تشریح کی گئی ہے۔بعض لوگوں نے مختلف اوقات میں’’پنج سورہ‘‘ کے نام سے مختلف پانچ سورتوں کو یکجا کر کے شائع کیا ہے،جن میں عوام الناس کے لیے پانچ سورتوں کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ ذکر کیا جاتا ہے،چنانچہ مولف رحمہ اللہ نے بھی انتہائی آسان پیرائے میں مذکورہ بالا پانچ سورتوں کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ جمع کیا ہے۔ زیرِ نظر کتاب کے مباحث میں عموماً اصلاحِ عقیدہ پر زیادہ زور دیا گیا ہے،جیسا کہ مولف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’اس مختصر رسالے میں قرآن مجید کی ان پانچ سورتوں کا ضروری ترجمہ اور مختصر تفسیر لکھی جاتی ہے،جن کی نماز میں تلاوت کا اتفاق دن رات ہر مسلمان کو ہوا کرتا ہے۔ان پانچ
Flag Counter