Maktaba Wahhabi

318 - 442
سوال ۳۱۲: ایک شخص تعلیم کے لیے جمعہ کی شام کو ریاض کا سفر اختیار کرتا ہے اور سوموار کو عصر کے وقت وہ ریاض سے لوٹ آتا ہے تو کیا نمازوں وغیرہ میں مسافر کے احکام کے مطابق عمل کرے گا؟ جواب :بلاشک یہ شخص مسافر ہے کیونکہ اس نے تعلیم کے شہر کو وطن نہیں بنایا اور نہ اس نے وہاں مستقل اقامت کی نیت کی ہے بلکہ اس کی اقامت تو تعلیم کی غرض سے ہے، البتہ اگر اس کی اقامت ایسے شہر میں ہے جہاں نماز باجماعت ادا کی جاتی ہے تو اس کے لیے بھی نماز باجماعت ادا کرنا واجب ہے۔ بعض عوام میں جو یہ بات مشہور ہے کہ مسافرکے لیے جمعہ و جماعت نہیں ہے، تو یہ بے اصل ہے کیونکہ مسافر کے لیے بھی نماز ادا کرنا واجب ہے، خواہ وہ قتال ہی میں مصروف کیوں نہ ہو جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ اِذَا کُنْتَ فِیْہِمْ فَاَقَمْتَ لَہُمُ الصَّلٰوۃَ فَلْتَقُمْ طَآئِفَۃٌ مِّنْہُمْ مَّعَکَ﴾ (النساء:۱۰۲) ’’اور (اے پیغمبر) جب تم ان (مجاہدین کے لشکر) میں ہو اور ان کو نماز پڑھانے لگو تو چاہیے کہ ان کی ایک جماعت تمہارے ساتھ کھڑی رہے۔‘‘ اور جمعہ بھی ہر اس شخص پر واجب ہے، جو اذان سنے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿یٰٓاََیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوۃِ مِنْ یَوْمِ الْجُمُعَۃِ فَاسْعَوْا اِلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ﴾ (الجمعۃ: ۹) ’’مومنو! جب جمعے کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو اللہ کی یاد (نماز) کے لیے جلدی کرو۔‘‘ البتہ اگر نماز کا وقت ختم ہوگیا ہو یا تم مسجد سے کسی بہت دور جگہ میں ہو تو پھر چار رکعتوں والی نماز بطور قصر دو رکعتیں ادا کروگے۔ نماز عصر کوجمعہ کے ساتھ جمع کرنے کامسئلہ سوال ۳۱۳: نماز عصر کو نماز جمعہ کے ساتھ جمع کرنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جو شخص شہر سے باہر ہو تو کیا اس کے لیے بھی جمع کرنا جائز ہے؟ جواب :نماز عصر کو نماز جمعہ کے ساتھ جمع نہ کیا جائے کیونکہ یہ سنت سے ثابت نہیں ہے اور اسے ظہر پر قیاس کرنا صحیح نہیں ہے کیونکہ جمعہ اور ظہر میں بہت فرق ہے اور اصل یہ ہے کہ ہر نماز کو اس کے وقت پر ادا کرنا واجب ہے الایہ کہ کسی دلیل سے اسے دوسری نماز کے ساتھ جمع کر کے ادا کرنا جائز ہو۔ جو لوگ دو یا تین دن کی اقامت کے لیے شہر سے باہر مقیم ہوں، ان کے لیے جمع کرنا جائز ہے کیونکہ وہ مسافر ہیں اور اگر وہ شہر کے ایسے قریبی علاقوں میں مقیم ہوں، جہاں وہ مسافر شمار نہ ہوتے ہوں تو ان کے لیے جمع کرنا جائز نہیں ہوگا۔ اس بات کا تعلق ظہر و عصر اور مغرب و عشاء کی نمازوں کو جمع کرنے سے ہے، جمعہ و عصر کے جمع کرنے سے نہیں کیونکہ جمعہ اور عصر کی نمازکو جمع کرنا کسی صورت میں بھی جائز نہیں۔[1]
Flag Counter